پاکستان کے سب سے مقبول ترین ایونٹ پاکستان سپر لیگ کا آغاز فروری کے مہینے سے ہونے جا رہا ہے۔
پی ایس ایل کا یہ پانچواں سیزن ہے جو شائقینِ کرکٹ کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ ہر سال جتنی بے صبری سے پی ایس ایل کے افتتاح کا انتظار ہوتا ہے اتنی ہی بے چینی سے شائقین اس کا ترانہ سننے کے لیے پر جوش نظر آتے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا ترانہ گزشتہ رات 9 بجے کے بلیٹن سے پہلے ملک کے تمام نیوز چینلز پر نشر کیا گیا۔ گانے کی تھیم 'تیّار ہیں' رکھی گئی جس کا بنیادی مقصد پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونا ہے۔ گانے کے ریلیز ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 'تیّار ہیں' ٹرینڈ بن گیا۔ ٹوئٹر صارفین نے تیّار ہیں کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے گانے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
صارفین نے علی ظفر کو بے حد یاد کیا۔ پی ایس ایل سیزن 2،1 اور 3 کے ترانوں کی دھن تشکیل دینے اور ان کو گانے والے علی ظفر کے ترانوں نے خوب دھوم مچائی تھی۔ ہر جگہ پی ایس ایل کے ترانوں کا ہی چرچہ ہوا کرتا تھا یہ ہی وجہ ہے کہ شائقین کو اس بار بھی ایسے ہی دھماکے دار ترانے کی امید تھی جو کہ اب ٹوٹ کے چکنا چور ہو چکی ہے۔
ٹوئٹر کے ایک صارف کا کہنا تھا کہ علی ظفر نے پی ایس ایل کے ترانوں کے حوالے سے ایک ایسا معیار قائم کیا ہے جِسے کوئی دوسرا ہرا نہیں سکتا۔
ایک اور صارف نے اپنے ٹوئٹ میں علی ظفر کو مینشن کرتے ہوئے تحریر کیا کہ برائے مہربانی واپس آجائیں، آپ سب سے بہترین ہیں۔ پی ایس ایل کے وہ ترانے جو آپ نے گائے تھے وہ زبردست تھے۔
اس کے علاوہ بھی کئی صارفین نے اپنے ٹوئٹس کے ذریعے اس گانے پر تنقید کی۔
واضح رہے پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ گانے والوں میں گلوکار علی عظمت، ہارون، عاصم اظہر اور عارف لوہار شامل ہیں۔