پی ایس ایل 5 کی طرف سے آنے والی اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایونٹ بس چند ہی دنوں کی دوری پر ہے۔
حال ہی میں ایک اچھی خبر یہ سامنے آئی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچز کے ٹکٹوں کی قیمت کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہر شخص سٹیڈیم میں آ کر میچ دیکھ سکے۔ تفصیلات کے مطابق دن میں ہونے والے میچز کے ٹکٹ کی قیمت کم ہوگی جبکہ وہ میچز جو رات کو ہوں گے، ان کی قیمت میں دو سے تین سو روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ وہ میچز جن میں شائقین کی دلچسپی کم ہو گی، ان کی قیمت کم سے کم رکھی جائے گی۔
تاہم ٹکٹوں کی قیمتیں چند روز میں فائنل کردی جائیں گی جبکہ شائقین 20 جنوری سے ٹکٹ خرید سکیں گے۔ ایونٹ میں پی سی بی کی اولین ترجیح ٹکٹوں سے پیسے کمانا نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں سے کرکٹ سٹیڈیم بھرنا ہوگا۔
یاد رہے پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب 20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔