میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی باؤلر حارث رؤف نے صرف 4میچز میں 13شکار کئے جس میں انہوں نے وکٹ لینے کے بعد کا جشن منانے کیلیے نیا انداز اپنا لیا ہے۔
بگ بیش لیگ میں بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے آسٹریلین شائقین اور سابق کرکٹرز کی بے جا تنقید پر اپنے جشن کا انداز تبدیل کرنے کے بعد نیا اور منفرد انداز اپنایا۔
اس سے قبل میچز میں وکٹ لینے کے بعد وہ جوشیلے انداز میں گلا کاٹنے کا ایکشن اپناتے تھے جس کے باعث وہ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنے۔ کوچ عاقب جاوید نے بھی ان کی سرزنش کی تو حارث رؤف نے آئندہ محتاط رہنے کا وعدہ کرلیا۔ عاقب جاوید نے ان کو جشن منانے کا متبادل اسٹائل اپنانے کی تجویز کی جس کے بعد حارث رؤف نے ان کی بات پر عمل کرتے ہوئے اپنا جشن منانے کا انداز تبدیل کیا۔
خیال رہے کہ جہاں بعض لوگوں نے انہیں ایکشن تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا تو وہیں چند شائقین ایسے بھی تھے جنہوں نے سوشل میڈیا پر بگ بیش انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس متنازع ایکشن پر حارث رؤف پر پابندی لگانے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کریں-
بدھ کو ہونے والے میچ میں انھوں نے ہیٹ ٹرک مکمل کی تو ہر وکٹ پر جشن منانے کا اسپیشل انداز اپنایا،ان کا یہ ایکشن بھرپور توجہ کا مرکز بنا، ساتھ ہی حارث رؤف کی تیز رفتار باؤلنگ نے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو خوب پریشان کیا ۔ حارث رؤف کی ایک گیند کی اسپیڈ 151.3کلومیٹر تھی۔
واضح رہے حارث رؤف بگ بیش لیگ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔