’ٹرمپ کے بارے میں بحث‘ جس کے بعد والد نے اپنی بیٹی کو گولی مار کر قتل کر دیا

بی بی سی اردو  |  Feb 11, 2026

ایک برطانوی خاتون، جنھیں ان کے والد نے ٹیکساس میں اپنے گھر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، کے بارے میں تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس دن خاتون کی اپنے والد سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بحث ہوئی تھی۔

انگلینڈ کی کاؤنٹی چیشائر سے تعلق رکھنے والی لوسی ہیریسن کو گذشتہ برس 10 جنوری کو ڈیلاس میں سینے میں گولی ماری گئی تھی۔

امریکہ میں پولیس نے 23 سالہ لوسی کی ہلاکت کی ممکنہ قتل عام کے طور پر تفتیش شروع کی تاہم ان کے والد کرس ہیریسن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔

چیشائر کورونر کورٹ میں جب لوسی کی ہلاکت کے بارے میں تحقیقات شروع ہوئیں تو ان کے بوائے فرینڈ سیم لٹرل نے بتایا کہ ٹرمپ کے بارے میں ’بڑی بحث‘ ہوئی تھی جو اس وقت اپنے دوسرے دور صدارت کا حلف اٹھانے والے تھے۔

سیم چھٹیاں گزارنے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ امریکہ گئے تھے اور ان کے مطابق جب لوسی کے والد بندوق رکھنے کے بارے میں بات کرتے تو وہ اکثر اس بارے میں پریشان ہو جاتی تھیں۔

یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کرس ہیریسن اپنی بیٹی کے بچپن میں ہی امریکہ منتقل ہو گئے تھے جبکہ ماضی میں شراب کی لت سے چھٹکارا دلانے کے لیے انھیں ایک بحالی مرکز بھی بھیجا گیا تھا۔

کرس ہیریسن جو عدالتی جرح میں شریک نہیں ہوئے، عدالت کو بھیجے گئے اپنے بیان میں اعتراف کر چکے ہیں کہ وقوعہ کے روز انھوں نے تقریباً 500 ملی لیٹر شراب پی رکھی تھی۔

سیم نے بتایا کہ 10 جنوری کی صبح لوسی نے ٹرمپ کے بارے میں بحث کرتے ہوئے اپنے والد سے پوچھا کہ ’آپ کو کیسا محسوس ہوتا اگر مجھے جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جاتا؟‘

الیکشن سے نااہلی کا ڈر: باپ نے ’محبت کرنے والی‘ اپنی چھ سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر قتل کر دیاخوبصورت بچیوں کو قتل کرنے والی خاتون گرفتار: ’خوف تھا کہ یہ بڑی ہو کر مجھ سے زیادہ خوبصورت ہو جائیں گی‘قتل یا انسانی قربانی: ’اُس نے میری آنکھوں کے سامنے میری ساڑھے چار سالہ بیٹی کو قتل کیا مگر میں کچھ نہ کر سکی‘’یقین نہیں آ رہا بہو نے میرے بیٹے کو قتل کر دیا‘: وہ واردات جس میں ’خاوند نے بیوی کو خود گولی مارنے کو کہا‘

کرس ہیریسن نے جواب دیا کہ ان کی دو بیٹیاں اور ہیں تو اس سے انھیں زیادہ پریشانی نہ ہوتی۔

سیم لٹرل کے مطابق اس جواب پر لوسی ’بہت ناراض‘ ہوئیں اور اوپر کی طرف بھاگ گئیں۔

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ اس دن جب وہ آدھے گھنٹے بعد ایئرپورٹ جانے والے تھے تو لوسی کچن میں تھیں جب ان کے والد ہاتھ پکڑ کر انھیں گراؤنڈ فلور پر موجود کمرے لے گئے۔

لیٹرل نے بتایا کہ کوئی 15 سیکنڈ بعد انھیں ایک زوردار آواز آئی اور اس کے بعد کرس ہیریسن نے چیخ کر اپنی اہلیہ ہیتھر کو بلایا۔

سیم کہتے ہیں کہ ’مجھے یاد ہے کہ میں کچن کی جانب بھاگا اور لوسی باتھ روم کے پاس نیچے فرش پر گری ہوئی تھیں اور کرس چیخ رہے تھے۔‘

Reuters

کرس ہیریسن کے بیان کے مطابق وہ اور ان کی بیٹی بندوق سے ہونے والے جرائم سے متعلق ایک خبر دیکھ رہے تھے، جب انھوں نے لوسی کو بتایا کہ ان کے پاس بھی بندوق ہے اور کیا وہ اسے دیکھنا چاہتی ہیں۔

وہ دونوں کمرے میں گئے تاکہ بندوق دیکھ سکیں۔

ہیریسن کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ بندوق کچھ سال قبل اس وقت خریدی تھی جب انھیں محسوس ہوا کہ انھیں اپنے خاندان کی ’سکیورٹی کی ضرورت‘ ہے۔

ہیریسن نے تردید کی کہ اس سے پہلے انھوں نے کبھی اپنی بیٹی سے اس بارے میں بات کی ہو۔

ان کے مطابق ’جیسے ہی میں نے لوسی کو دکھانے کے لیے بندوق اٹھائی تو اچانک سے زوردار آواز آئی۔ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ کیا ہوا۔ لوسی فوراً گر گئیں۔‘

ہیریسن کا کہنا ہے کہ انھیں یاد نہیں کہ آیا ان کی انگلیاں ٹریگر کے اوپر تھیں۔

انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ماضی میں وہ شراب کی لت کا شکار تھے اور جس دن ان کی بیٹی نے جانا تھا تو جذباتی ہو کر انھوں نے کچھ زیادہ شراب پی لی۔

دوران تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس واقعے کے بعد جب پولیس آفیسر لوسیانا ایسکلیرا کو گھر بلایا گیا تو انھیں کرس ہیریسن سے شراب کی بو آ رہی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی پتہ چلتا ہے کہ اس دن کرس ہریسن نے ایک سٹور سے شراب کے دو کارٹن خریدے تھے۔

اپنے وکیلوں کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں کرس ہیریسن نے کہا کہ وہ اپنے اس عمل کے نتائج کو ’مکمل طور پر قبول‘ کرتے ہیں۔

بیان کے مطابق ’کوئی ایسا دن نہیں جب میں اس نقصان کا بوجھ محسوس نہیں کرتا۔ ایسا بوجھ جسے مجھے پوری زندگی اٹھانا ہو گا۔‘

کس کی سماعت بدھ تک ملتوی کر دی گئی ہے جب عدالت فیصلہ سنائے گی۔

الیکشن سے نااہلی کا ڈر: باپ نے ’محبت کرنے والی‘ اپنی چھ سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر قتل کر دیاخوبصورت بچیوں کو قتل کرنے والی خاتون گرفتار: ’خوف تھا کہ یہ بڑی ہو کر مجھ سے زیادہ خوبصورت ہو جائیں گی‘وزیرآباد میں تین سالہ بچی کے قتل کے الزام میں پھوپھی گرفتار: ’اس کی وجہ سے میرا رشتہ نہیں ہو رہا تھا‘تدفین سے چند لمحے قبل دکھائی دینے والا خون کا دھبہ جو مقتولہ کے شوہر اور بیٹے کی گرفتاری کی وجہ بناقتل یا انسانی قربانی: ’اُس نے میری آنکھوں کے سامنے میری ساڑھے چار سالہ بیٹی کو قتل کیا مگر میں کچھ نہ کر سکی‘’یقین نہیں آ رہا بہو نے میرے بیٹے کو قتل کر دیا‘: وہ واردات جس میں ’خاوند نے بیوی کو خود گولی مارنے کو کہا‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More