انڈین ریاست تمل ناڈو کے وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ اداکار اور سیاست دان وجے کی انتخابی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایم کے سٹالن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’مجھے یہ جان کر شدید دکھ پہنچا کہ اب تک 36 افراد، جن میں آٹھ بچے اور 16 خواتین شامل ہیں، ابھی تک جان کی بازی ہار چکے ہیں۔‘
رکن اسمبلی وی سنتھل بالاجی نے بتایا کہ تقریباً 58 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ہجوم میں اس وقت افراتفری مچی جب معروف اداکار وجے جلسے سے خطاب کر رہے تھے، بھگدڑ کی وجہ سے انہیں اپنی تقریر روکنی پڑی۔51 سالہ وجے نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’میں کروُر کے اس ہولناک واقعے میں جان کی بازی ہارنے والے اپنے پیارے بھائیوں اور بہنوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتا ہوں۔‘روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے مطابق بہت بڑی تعداد میں موجود لوگ سٹیج کے قریب وجے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے رکاوٹیں عبور کرنے لگے، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔وزیراعلٰی سٹالن نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے، جس کی سربراہی ایک ریٹائرڈ جج کریں گے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 10 لاکھ انڈین روپے امداد کا بھی اعلان کیا۔ہجوم میں اس وقت افراتفری مچی جب معروف اداکار وجے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ (فائل فوٹو: زوما) انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے اس واقعے کو ’انتہائی افسوسناک‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ’میری دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں اس کٹھن گھڑی میں ان کے لیے حوصلے اور ہمت کی دعا کرتا ہوں۔‘انڈیا میں بڑے عوامی اجتماعات، خصوصاً مذہبی تقریبات میں، ہجوم میں بھگدڑ مچنے کے واقعات عام ہیں، جن کی بنیادی وجہ ناقص انتظامات اور حفاظتی کوتاہیاں ہوتی ہیں۔رواں برس جنوری میں کمبھ میلہ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 30 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔The unfortunate incident during a political rally in Karur, Tamil Nadu, is deeply saddening. My thoughts are with the families who have lost their loved ones. Wishing strength to them in this difficult time. Praying for a swift recovery to all those injured.
— Narendra Modi (@narendramodi) September 27, 2025
اسی طرح گذشتہ برس جولائی میں ریاست اتر پردیش میں ہندوؤں کی ایک مذہبی تقریب کے دوران 121 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اسی طرح رواں برس جون میں بنگلور میں مقامی کرکٹ ٹیم کی آئی پی ایل میں جیت کا جشن مناتے ہوئے 11 افراد بھگدڑ کی وجہ سے ہلاک ہو گئے تھے۔