پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک آپریشن کے دوران 17 ’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کر دیا ہے۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سنیچر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے 26 اور 27 ستمبر کی درمیانی رات ضلع لکی مروت میں انڈین حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک آپریشن کیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے 17 خوارجیوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں سے اسلحہ اور گولہ باردو برآمد ہوا ہے اور یہ افراد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل عام میں بھی ملوث تھے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’علاقے میں دوسرے خوارجیوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے انڈین حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘