راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب 54.12 فیصد رہا جس میں طلبہ کی کامیابی کی شرح 39.87 فیصد جبکہ طالبات کی شرح 62.4 فیصد رہی۔
پہلی پوزیشن پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی اریج شفقت حیات نےحاصل کی۔ اسی کالج کی عائشہ مشتاق نےدوسری جبکہ رائل کالج آف سائنسز فار گرلز چکوال کی ایمان فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی تھے۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، اراکین صوبائی اسمبلی ضیا اللہ شاہ، عاصمہ عباسی، رفعت عباسی اور فلک شیر سمیت اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ حنیف عباسی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میڈلز اور انعامات دیے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تمام کامیاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہونہار طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات اور شفاف امتحانی نظام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان اور ان کی ٹیم کو میرٹ اور شفافیت قائم رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نےمزید کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب سکندر حیات تعلیمی نظام میں جدت لانے کے لیے سرگرم ہیں اور راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں تاکہ طلبہ کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔