اٹک میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے حسن ابدال کے مشہور ہوٹل "میاں جی" کو سیل کرتے ہوئے مالک کو بھی گرفتار کرلیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران ہوٹل میں اوور چارجنگ، صفائی کے ناقص انتظامات اور زائدالمیعاد مضر صحت گوشت و مصالحہ جات کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ کارروائی کے دوران ہوٹل سے برآمد ہونے والی اشیائے خورونوش ضبط کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھی بھیج دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق ہوٹل میں فراہم کیا جانے والا کھانا انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا تھا، اس لیے فوری طور پر ہوٹل کو سیل کرتے ہوئے مالک کو حراست میں لے لیا گیا اور تھانہ سٹی حسن ابدال میں مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناقص اور مضر صحت کھانے کے خلاف سخت اقدامات وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کو مثالی سزائیں دی جاسکیں۔