حکومت خیبر پختونخوا نے صحت کے شعبے میں اصلاحات کے تحت صوبے کے کم کارکردگی والے اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشیر صحت احتشام علی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 24 اسپتالوں کو نجی شعبے کے حوالے کیاجائے گاجن میں کٹیگری بی، سی اور ڈی لیول کے اسپتال شامل ہیں۔
مشیر صحت کا کہنا ہے کہ یہ اسپتال پرائیویٹائز نہیں کیے جا رہے بلکہ ان کا انتظام عارضی طور پر نجی اداروں کو دیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو سرکاری خرچے پر اچھا اور بروقت علاج مہیا کیا جا سکے۔ نجی شعبے کو دیے جانے والے اسپتالوں میں علاج سرکاری پرچی کے ریٹ پر ہی ہو گا اور سرکاری ملازمین معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہیں گے۔
مشیر صحت کا کہنا تھا کہ نجی کمپنیاں ان اسپتالوں میں عملے، آلات اور دیگر کمی بیشی کو پورا کریں گی جس سے او پی ڈی میں بہتری، صفائی ، طبی عملے کی حاضری اور آلات کی دستیابی جیسے مسائل حل کیے جاسکیں گے۔
مشیر صحت احتشام علی نے مزید بتایا کہ آئندہ مرحلے میں مزید اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کیا جائے گا تاکہ صحت کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کو یقینی بنایا جا سکے۔