حکومت بلوچستان کا پانچ کرمنل جسٹس ایکٹس کابینہ کو بھجوانے کا فیصلہ

ہماری ویب  |  Sep 11, 2025

حکومت بلوچستان نے صوبے میں عدالتی اور قانونی اصلاحات کے حوالے سے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پانچ کرمنل جسٹس ایکٹس کو کابینہ کی منظوری کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ یورپی یونین کی مالی معاونت اور اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم کے اشتراک سے رول آف لاء روڈ میپ کے تحت کوئٹہ میں منعقد ہونے والے آٹھویں صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں 632 ملین روپے کے نظرِ ثانی شدہ پی سی ون کی منظوری اور مڈٹرم ایویلیوایشن کی سفارشات پر عمل درآمد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور احتساب کے مؤثر نظام کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

یورپی یونین کے سربراہ تعاون برائے پاکستان، جیرون ولیمز نے بلوچستان حکومت اور عدلیہ کے ساتھ گزشتہ چار برسوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرمنل جسٹس، انصاف تک رسائی، بچوں کے تحفظ اور صنفی مساوات کے شعبوں میں مزید نتائج جلد متوقع ہیں۔

کنٹری ریپریزنٹیٹو ٹرولز ویسٹر نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسمارٹ پولیس اسٹیشنز، کیس مینجمنٹ سسٹمز، ڈیجیٹل ٹولز اور پولیس، جیل و پراسیکیوشن عملے کی تربیت پر پیش رفت جاری ہے۔ ان اقدامات کو عوامی اعتماد کی بحالی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات نے اجلاس کے اختتام پر یورپی یونین اور بین الاقوامی اداروں کی تکنیکی و مالی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت امن، انصاف اور ترقی کے لیے رول آف لاء کو بنیاد بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اجلاس میں آئندہ برس کے لیے ترجیحات بھی طے کی گئیں جن میں جیل اصلاحات، پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی فعالیت، انصاف کے اداروں میں صنفی تقاضوں کے مطابق سہولیات اور ڈیٹا پر مبنی نگرانی کے نظام کا قیام شامل ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More