پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 طارق روڈ کے قریب فلیٹ میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب پر تشدد کرنے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔
فیروز آباد تھانہ میں درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی کی ماں نے بیان دیا کہ مالکن نے 31 اگست کو فون کرکے بتایا کہ آپ کی بیٹی کی طبعیت صیح نہیں۔
متاثرہ بچی نے پولیس کو بیان دیا کہ اس سے استری کرتے ہوئے باجی کا دوپٹہ جل گیا تھا، باجی اور ان کے شوہر نے گرم استری سے مجھے جلایا اور تشدد کیا، مالکن نے بچی کی ماں کو 31 اگست کو فون کیا کہ زینب کی طبعیت ٹھیک نہیں، ماں جب بیٹی سے ملی تو اس نے اپنے زخم دکھائے۔
پولیس کے مطابق مالکن کا دوپٹہ استری کرتے ہوئے جل گیا تھا جس پر مالکن نے تشدد کیا اور گرم استری سے زینب کے جسم کو کئی جگہ سے جلا دیا، زینب کی کمر، ہاتھ اور ٹانگوں کو گرم استری سے بری طرح جلایا گیا ہے، بچی کو علاج معالجے کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا ہے، تشدد میں ملوث میاں، بیوی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا ہے، دونوں ملزمان کو آج عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
پولیس نے بتایا کہ بچی کی والدہ کا بیان ہے کہ مالکن بچی سے ہر وقت کام کرواتی رہتی تھی اور سونے بھی نہیں دیتی تھی، ہم ماڑی پور مچھر کالونی کے رہائشی ہیں، 3 ماہ سے بچی گھریلو ملازمت کررہی ہے، عدالت میں پیش ہو کر انصاف مانگیں گے، متاثرہ بچی کی ماں نے مطالبہ کیا کہ تشدد میں ملوث میاں بیوی کو سخت سزا دی جائے۔