گلیشیئر پھٹنے کی اطلاع دیکر سیکڑوں جانیں بچانے والا چرواہا کون تھا اور اسے کیا انعام ملا؟

ہماری ویب  |  Aug 23, 2025

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں ایک چرواہے کی بروقت خبر داری نے بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ گاؤں والوں کو گلیشیئر پھٹنے کی اطلاع دینے والے چرواہے وصیت خان کے حوصلے اور ذمہ داری کو دیکھتے ہوئے پولیس نے انہیں اعزاز سے نوازا ہے۔ ڈی آئی جی پولیس نے وصیت خان کے لیے 10 ہزار روپے انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔

وصیت خان نے اس وقت ہمت دکھائی جب گاؤں تالی داس کے لوگ روزمرہ معمول میں مصروف تھے۔ انہوں نے فوری طور پر فون کر کے گاؤں والوں کو خطرے سے آگاہ کیا جس کے بعد راتوں رات 100 مکانات خالی کرائے گئے اور تقریباً 200 افراد کو پہاڑی علاقے میں منتقل کر دیا گیا۔ کچھ ہی دیر بعد آنے والے سیلاب نے گھروں کو نقصان تو پہنچایا، مگر وصیت خان کی بروقت اطلاع نے قیمتی جانوں کو بچا لیا۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق سیلاب کے باعث کئی دیہات زیرِ آب آگئے اور بھاری مالی نقصان ہوا، تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دریا کا بہاؤ رُک جانے کی وجہ سے مزید خطرات موجود ہیں اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

وصیت خان کی یہ ذمہ داری اور بہادری علاقے کے لیے مثال بن گئی ہے، جہاں ایک عام چرواہے نے پوری بستی کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More