بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سول ملٹری تعاون ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل

اردو نیوز  |  Aug 23, 2025

پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سول ملٹری تعاون اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا۔

اس دورے کا مقصد موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا، ترقیاتی اقدامات کا معائنہ کرنا اور بلوچستان کے استحکام و خوشحالی کے لیے عسکری و سول اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سسیکریٹری بلوچستان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سکیورٹی صورتحال، فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز، جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی بہتری کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔‘

وزیراعلیٰ بلوچستان اور سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گڈ گورننس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی مفاد پر مبنی جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے بلوچستان کے عوام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سول اور عسکری اداروں کے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور جنوبی بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سول و ملٹری تعاون اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، عملی تیاری اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے مشکل حالات میں امن و استحکام قائم رکھنے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

تربت پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کور کمانڈر بلوچستان نے استقبال کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More