50 ہزار کیسز میں ایک بار ہوتا ہے۔۔ جھوٹے حمل کی علامات کیا ہیں؟ اریج فاطمہ پر کینسر کے دوران کیا گزری؟ دیکھیں

ہماری ویب  |  Aug 15, 2025

"میں نے یہ ویڈیو اپنے ٹراما کے بعد پوسٹ کی لیکن اس کے بعد بے شمار لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا، نیک خواہشات اور دعاؤں کا پیغام بھیجا، جن میں فنکار، مداح اور میرے اپنے شامل تھے۔ میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے سب سے زیادہ یہ سوال کیا گیا کہ اپنے علامات شیئر کریں۔ مولر پرگنینسی حمل کی سب سے نایاب صورت ہے جو ہر دس ہزار کیسز میں ایک مرتبہ پیش آتی ہے، جبکہ کوریوکارسینوما بھی ایک انتہائی نایاب کینسر ہے جو پچاس ہزار کیسز میں ایک مرتبہ ہوتا ہے اور اس کی ابتدائی تشخیص بہت مشکل ہے۔ خوش قسمتی سے میرا کینسر جلد پکڑا گیا۔ میری علامات میں خون آنا، ٹھوڑی پر دانے اور متلی محسوس ہونا شامل تھا لیکن سب سے اہم میری اندر کی آواز تھی۔ اگر آپ کو لگے کہ آپ کا جسم مختلف ردعمل دے رہا ہے تو فوراً چیک اپ کروائیں، سالانہ بلڈ ٹیسٹ، پیپ اسمیئر اور 50 سال سے زائد عمر کی خواتین میموگرام ضرور کروائیں۔ میرا ہسٹیریکٹمی ہوا لیکن پھر بھی مجھے کیموتھراپی دی گئی کیونکہ یہ ایک جارحانہ کینسر ہے جو جسم کے اعضا کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ جون میں مجھے کینسر فری قرار دے دیا گیا لیکن اگلے دس سال ہر مہینے میرا بلڈ ٹیسٹ ہوگا تاکہ کینسر پر نظر رکھی جا سکے۔ یہ ایک مشکل سفر تھا، خوش قسمتی سے میرے بچے اس بارے میں زیادہ نہیں جانتے کیونکہ وہ ابھی بہت چھوٹے ہیں۔ میرے ساتھ امریکہ میں میری دادی تھیں اور سب نے میرا ساتھ دیا ماشاءاللہ۔"

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور سابقہ اداکارہ عریج فاطمہ، جنہوں نے 2019 میں اپنے کامیاب ڈرامہ سیریل "حسد" کے بعد شوبز کو خیرباد کہا، حال ہی میں اپنے مداحوں کے سامنے ایک مشکل اور ہمت آزما ذاتی کہانی لے کر آئیں۔ نیدرلینڈز (اوہائیو، امریکہ) میں اپنے شوہر اور دو بیٹوں کے ساتھ مقیم عریج فاطمہ نے بتایا کہ وہ ایک نایاب اور خطرناک کینسر، کوریوکارسینوما، سے صحتیاب ہو چکی ہیں۔

یہ کینسر اکثر مولر پرگنینسی کے بعد پیدا ہوتا ہے اور نہایت کم کیسز میں سامنے آتا ہے۔ عریج نے مداحوں کو بتایا کہ ان کی ابتدائی علامات عام لگنے کے باوجود مہلک بیماری کا اشارہ تھیں، لیکن انہوں نے اپنی جسمانی کیفیت کو سنجیدگی سے لیا اور بروقت ٹیسٹ کرائے جس سے جان بچ گئی۔ علاج کے دوران انہیں ہسٹیریکٹمی اور کیموتھراپی دونوں سے گزرنا پڑا، مگر انہوں نے حوصلہ نہیں چھوڑا۔

عریج فاطمہ کی بہادری اور کھلے دل سے اپنی بیماری پر بات کرنے کے بعد مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے انہیں دعاؤں اور نیک خواہشات سے نوازا۔ ان کا یہ پیغام خاص طور پر خواتین کے لیے ایک یاددہانی ہے کہ معمولی لگنے والی علامات کو بھی نظر انداز نہ کریں اور صحت کے تمام لازمی ٹیسٹ وقت پر کروائیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More