ایک ہی خاندان کے 6 افراد موت کا شکار۔۔ آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی ! ویڈیو مناظر

ہماری ویب  |  Aug 15, 2025

آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں متعدد جانیں ضائع ہو گئیں اور وسیع پیمانے پر نقصان ہوا۔ مظفرآباد کی تحصیل نصیر آباد میں کلاوڈ برسٹ نے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی زندگی ختم کر دی۔ مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور فلیش فلڈنگ کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی دیکھی گئی۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع رام بن میں بارش اور اچانک آنے والے سیلاب نے ایک بچے سمیت تین افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ضلع باغ میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک اضافہ ہوا، سماہنی کے بھمبر نالے میں اونچے درجے کا سیلاب آنے سے سیاحوں کی گاڑی بہہ گئی تاہم تمام مسافر زندہ بچا لیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر کل ضلع باغ میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا۔

جہلم ویلی، ہٹیاں بالا اور وادی نیلم میں پانی کا بہاؤ معمول سے کہیں زیادہ بڑھ گیا، جبکہ گلگت بلتستان میں بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے تباہی پھیلا دی۔ ضلع غذر میں مٹی کے تودے گرنے سے تین افراد جاں بحق اور تین لاپتہ ہوئے، دیامر میں بہن بھائی سیلاب میں بہہ گئے اور بابوسر روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے ایک بچہ زخمی ہوا۔

ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر کے پگھلنے سے حسن آباد نالے کے کناروں پر تیز کٹاؤ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے مکانات خالی کرنے کے احکامات جاری کیے اور مقامی آبادی نقل مکانی شروع کر چکی ہے۔ کھیت، مکانات، تعلیمی ادارے اور زرعی زمینیں بھی شدید متاثر ہوئیں، جس پر حکومت گلگت بلتستان نے کئی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ترجمان حکومت فیض اللہ فراق نے چنار باغ اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا کے مانسہرہ میں سرن ویلی فیملی پارک کے قریب نالے میں طغیانی کے باعث پھنسے 1300 سیاحوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق اس وقت پارک میں خاصا رش تھا اور سیاحوں کو بروقت نکال لیا گیا۔ اپر کوہستان میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے پر قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More