اسٹیٹ بینک آف پاکستان نےجاپانی بلاک چین ٹیکنالوجی کمپنی سورامیتسو کے ساتھ ڈیجیٹل کرنسی پائلٹ پروجیکٹ کا اعلان کردیا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جاپان کی بلاک چین ٹیکنالوجی کمپنی سورامیتسو کے ساتھ سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی (CBDC) کے پائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جاپانی میڈیا پلیٹ فارم نکی ایشیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت پاکستانی روپے کی ڈیجیٹل پائلٹ سورامیتسو کے سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم پر چلائی جائے گی، جسے جاپان کی وزارت تجارت و صنعت کے گلوبل ساؤتھ فیوچر-اورینٹڈ کو-کری ایشن پروجیکٹ سے فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بلاک چین (Blockchain) ایک ڈیجیٹل ریکارڈ رکھنے کا نظام ہے، جو ڈیٹا کو محفوظ، شفاف اور چھیڑ چھاڑ سے محفوظ رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ بلاک چین ایک ڈیجیٹل رجسٹر یا لیجر کی طرح ہے جو دنیا بھر کے کمپیوٹرز پر ایک ہی وقت میں محفوظ ہوتا ہے۔ بلاک چین کرپٹو کرنسی کے لیے استعمال ہوتا ہے لیکن اس کا استعمال دیگر شعبوں میں بھی کیا جاسکتا ہے۔