جنوبی وزیرستان لوئر کے مختلف علاقوں میں کل بروز ہفتہ ایک روزہ کرفیو نافذ رہے گا۔ خیبرپختونخوا محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق 10 اگست صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک تحصیل برمل میں مکمل کرفیو رہے گا، اس دوران تمام بازار اور مارکیٹیں، خصوصاً رغزئی، بند رہیں گی۔ متاثرہ راستوں میں خمرنگ-رغزئی، شولام تا وانا وانا، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، اور عزیز آباد چوک تا درگئی پل شامل ہیں۔
کرفیو کے دوران صرف ایمرجنسی میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے، شناختی کارڈ اور کاغذات جمع کروا کر سفر جاری رکھا جا سکے گا اور ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھ کر دیگر گاڑیاں کم از کم 100 میٹر دور سڑک سے نیچے اتار لی جائیں۔