لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان کو جلانے کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے عدم پیشی پر نہ صرف تینوں مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں خارج کیں بلکہ ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
عمر ایوب کے وکلا نے مؤقف اپنایا کہ انہیں عدالت سے 10 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ حفاظتی ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں، لہٰذا پیشی سے استثنیٰ دیا جائے۔ تاہم عدالت نے یہ مؤقف مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ سزا یافتہ مجرم حفاظتی راہداری ضمانت کے اہل نہیں ہوتے اور اپیل دائر کرنے سے قبل عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ضروری ہے۔