ہمیشہ منفرد فیشن اور بے باک انداز کی پہچان رکھنے والی بھارتی ماڈل و اداکارہ عرفی جاوید ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئیں، مگر اس بار وجہ ان کا لباس یا اسٹائل نہیں بلکہ ان کی طبیعت اور چہرے کی غیرمعمولی حالت ہے۔
حال ہی میں عرفی جاوید نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں اسپتال میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک ڈاکٹر ان کے ہونٹوں پر انجکشن لگا رہا ہے، اور عرفی تکلیف کے احساس سے گردن جھکائے بیٹھی ہوئی نظر آتی ہیں۔ سرجری کے بعد ان کا چہرہ اور ہونٹ نمایاں طور پر سوج گئے۔ اگرچہ ویڈیو میں وہ ہنستی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، لیکن چہرے کی حالت سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
ویڈیو کے ساتھ عرفی نے وضاحت کی کہ انہوں نے پرانے فلرز کو نکلوانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ درست جگہ پر نہیں لگائے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فلرز کے خلاف نہیں ہیں، لیکن انہیں ہٹانا خاصا دردناک عمل ہوتا ہے۔ عرفی نے اپنی پوسٹ میں دوسروں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ فلرز کروانا چاہتے ہیں تو تجربہ کار اور قابل ڈاکٹر سے رجوع کریں کیونکہ ہر چمکتا کلینک قابل نہیں ہوتا۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر عرفی جاوید کی اس حالت پر ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملا۔ کچھ صارفین نے ان کے سوجے ہوئے چہرے کو دیکھ کر تنقید کی اور ان کے حسن کے تجربات پر سوالات اٹھائے۔ کئی لوگوں نے یہ بھی کہا کہ قدرتی خوبصورتی سے چھیڑچھاڑ کا یہی انجام ہوتا ہے۔
یہ واقعہ عرفی جاوید کے چاہنے والوں کے لیے یاد دہانی بھی بن گیا ہے کہ جسمانی تبدیلیوں کے فیصلے سوچ سمجھ کر اور درست ماہرین کی رہنمائی میں ہی کرنے چاہییں، ورنہ نتیجہ دکھ اور پچھتاوے کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔