گرین فنانس اور عالمی کاربن مارکیٹس تک رسائی کی جانب اہم پیش رفت

ہماری ویب  |  Jul 11, 2025

صوبے میں دیرپا کلائمیٹ ایکشن اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے کی قابل تجدید توانائی کے پورٹ فولیو کے لیے پہلی کاربن ایسٹ انونٹری کا اجرا کردیا ہے۔

خیبر پختونخوا اب بین الاقوامی کاربن مارکیٹس تک رسائی حاصل کرنے اور کلائمیٹ فنانس کے نئے مواقع کھولنے کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے انونٹری کا باضابطہ اجراءکیا۔

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے توانائی طارق سدوزئی، محکمہ توانائی اور پیڈو کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ترقیاتی شراکت داروں پاکستان انوائرمنٹ ٹرسٹ اور سیڈ پروگرام کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔

صوبے کے قابل تجدید توانائی منصوبوں کی کاربن ایسٹ انوینٹری برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کے تعاون سے چلنے والے سیڈ (SEED) پروگرام کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے، جس میں پیڈو کے قابل تجدید توانائی منصوبوں کی نقشہ کشی کی گئی ہے اور ان کی کاربن کریڈٹس اور انٹرنیشنل رینیوایبل انرجی سرٹیفکیٹس ((I-RECs لیے قابلیت کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ اقدام کلائمیٹ ایکشن کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کی قیادت کا جرات مندانہ اقدام ہے جو اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم صاف توانائی کے حل کو فروغ دینا چاہتے ہیں، گرین فنانس کو متوجہ کرنا چاہتے ہیں اور پائیداری کے فوائد کو اپنی عوام تک منصفانہ انداز میں پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کاربن ایسٹ انونٹری کے اجراکو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا صوبہ عالمی ماحولیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہونے کے لیے تیار ہے، یہ اقدام پائیدارمعاشی ترقی کے لیے مارکیٹ بیسڈ طریقہ کار کو اپنانے کے حکومتی عزم کا بھی عملی مظہر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پیڈو اور سیڈ پروگرام کے درمیان اشتراک کار کو بھی قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ سب کی مشترکہ کاوشوں سے ہی صوبے کی پہلی کاربن ایسٹ انونٹری کی تیار ممکن ہوئی ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یہ انونٹری ایک جدید ٹول ہے جو پیڈو کے رینیو ایبل انرجی منصوبوں کا نقشہ پیش کرتا ہے اور کاربن اخراج کی بیس لائن قائم کرتا ہے، جس سے پیڈو بچائے گئے اخراجات کو مقدار میں تبدیل کر سکتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوبے میں گرین انرجی کے حل کو فروغ دینے کےلئے کلائمیٹ فنانسنگ کے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں گے اور اس مقصد کے لیے اس عمل کو اپنی ترقیاتی حکمت عملی کا مستقل حصہ بنائیں گے۔

قبل ازیں متعلقہ حکام نے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ کاربن ایسٹ انونٹری پیڈو کے ہائیڈرو پاور اور سولر منصوبوں کو معروف عالمی کاربن اسٹینڈرڈز—ویرا، گولڈ اسٹینڈر اور گلوبل کاربن کونسل کے مطابق جانچتی ہے، جس کے مطابق پیڈو کے آٹھ منصوبے ویرا کے لیے اہل ہیں، جبکہ 13 منصوبے گولڈ اسٹینڈرڈ اور 37 منصوبے گلوبل کاربن کونسل کے معیار پر پورے اترتے ہیں۔

مزید برآں پیڈو کے تمام منصوبے انٹرنیشنل رینیوایبل انرجی سرٹیفیکیٹس ((I-RECs کے لیے اہل ہیں۔ مجموعی طور پر یہ منصوبے ہر سال 54 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچاؤ کی صلاحیت رکھتے ہیں اور 1 کروڑ 19 لاکھ رنیو ایبل انرجی سرٹیفکیٹس پیدا کر سکتے ہیں جو کاربن مارکیٹس کے ذریعے آمدن کا ایک اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔

تقریب میں ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر پیڈو نے پاکستان انوائرمینٹ ٹرسٹ (PET) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت پیڈو کو بین الاقوامی رینیوایبل انرجی سرٹیفکیٹس کے ساتھ رجسٹر کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پیڈو کے پانچ منصوبے اس بین الاقوامی نظام میں رجسٹر کیے جائیں گے، جس سے خیبر پختونخوا کو عالمی قابل تجدید توانائی کی مارکیٹ میں باضابطہ داخلے کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More