بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر موصول، کس ملک سے کتنی رقوم آئیں ؟

ہماری ویب  |  Jul 09, 2025

گزشتہ مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 38 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھجوائی گئیں جو کسی بھی سال میں ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ رقم ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مالی سال 2025 کے دوران موصول ہونے والے ترسیلات زر کے اعداد وشمار جاری کردیے گئے ہیں جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 38 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ترسیلات بھجوائیں جو اس سے پچھلے سال 2024 کے 30 ارب 25 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہیں۔

اسی طرح گزشتہ ماہ جون کے دوران ترسیلات زر کا حجم 3 ارب 40 کروڑ ڈالر رہا جو ماہ جون 2024 کے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں8 فیصد زیادہ ہیں۔

کس ملک میں مقیم پاکستانیوں نے کتنی رقوم بھجوائیں ؟

اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران سب سے زیادہ سعودی عرب سے رقوم موصول ہوئیں جس کا حجم 9 ارب 34 کروڑ ڈالر رہا جس میں اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی رہے جنہوں نے 7 ارب 82 کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے، متحدہ عرب امارات سے موصول ہونے والی ترسیلات زر میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تیسرے نمبر پربرطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 5 ارب 90 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔ برطانیہ سے موصول ترسیلات زر میں ایک سال کے دوران 31 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

یورپی ممالک سے 4 ارب 54 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جو مالی سال 2024 کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔ امریکا سے 3 ارب 72 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، امریکا سے موصول ہونے والی ترسیلات زر میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دیگر ممالک سے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More