شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حسن خیل کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 30 خوارج کو ہلاک کرکے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے یکم اور 2 جولائی کی شب بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی نقل و حرکت کا پتہ چلنے پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدام کرے، سکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع اور بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔