مشرق وسطیٰ کا بحران پاکستانی معیشت کے لیے کتنا بھاری ثابت ہوسکتا ہے؟

ہماری ویب  |  Jun 23, 2025

ایران ،اسرائیل جنگ میں امریکا کی شمولیت کے بعد دنیا بھر کا منظر نامہ تیزی سے بدل رہا ہے۔ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی جارہی ہے، گولڈ مارکیٹ میں بھی سرمایہ کار وں کی دلچسپی کم ہےجبکہ کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ میں بھی منفی رجحان ہے۔ صرف خام تیل کی مارکیٹ ہے جس میں سرگرمیاں عروج پر ہیں دھڑا دھڑ سودے ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔

خام تیل کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں؟

ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان سمیت کئی ممالک کو خام تیل اور ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کے خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ دنیا بھر کی تیل کی 20 فیصد سپلائی آبنائے ہرمز سے کی ہوتی ہے اس لیے اگر یہ راستہ بند ہوتا ہے تو تیل کی بین الاقوامی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔ اسی لیے تیل کی اضافی خریداری اور اسٹاک بہتر کرنے کے لیے پاکستان سمیت کئی ممالک سرگرم ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے دوسری جانب کئی بین الاقوامی روٹس بھی مشترق وسطیٰ کشیدگی کے باعث متاثر ہیں جس کے نتیجے میں شپنگ کے اخراجات بھی بڑھ رہے ہیں۔

پاکستان تیل کی دستیابی یقینی بناسکے گا؟

پاکستان کے لیے پہلا چیلنج تیل کی دستیابی ہے جس کے لئے وفاقی حکومت نے تیل کمپنیوں کو اضافی اسٹاک کی ہدایت کی ہے اور حکومت کی جانب سے 14 کروڑ لیٹرزپیٹرول فوری منگوانےکا حکم دیا گیا ہے۔اس ضمن میںاوگرا کی جانب سے آئل آئل کمپنیوں کو لکھےگئے خط میں 20 دن تیل ذخیرہ رکھنےکی ہدایت کی گئی ہے۔پی ایس او حکام کے مطابق حکومتی ہدایات کے بعد پی ایس او نے تقریباً 7 کروڑ لیٹرزکا ہنگامی ٹینڈر جاری کیا ہے۔ تیل بردار جہاز 10 دن کے اندر کراچی پورٹ پہنچے گا۔

پی ایس او حکام کا کہنا ہےکہ 6 جولائی کو پہنچنے والے تقریباً 7 کروڑ لیٹرز سے لدے تیل بردار جہاز کو 26 جون کو پہنچنےکی ہدایت کی گئی ہے۔ یکم جولائی تک ملک میں اضافی 14کروڑ لیٹرز تیل موجود ہوگا۔ صورتحال دیکھتے ہوئے مزید ہنگامی ٹینڈرز جاری کیے جاسکتے ہیں۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ پاکستان کے لیے کتنا بھاری ہوسکتا ہے؟

تیل مہنگا ہونے سے درآمدی بل میں اضافہ ہوگا پاکستان نے رواں مالی سال کے دس ماہ کے دوران 12.8ارب ڈالر کا تیل درآمد کیا ہے یعنی پاکستان نےہر ماہ تقریباً ایک ارب 28 کروڑ ڈالر کا تیل درآمد کیا ہے خام تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے یہ درآمدی بل گزشتہ سال کے مقابلے میں 3فیصد زیادہ ہے۔

الحبیب کیپٹل مارکیٹس کی ریسرچ رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل اضافہ پاکستان کاسالانہ درآمدی بل 80 کروڑ ڈالر سے 1ارب ڈالر تک بڑھا دیتا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطی میں کشیدگی برقرار رہتی ہے جہازوں کے کرائے ،انشورنس پریمیئم بھی ڈبل ہوجائیں گے پاکستان سالانہ 200 پٹرولیم کارگو جہاز منگواتا ہے حالیہ صورتحال میں ہر شپمنٹ کا خرچہ 6 لاکھ تا 8 لاکھ ڈالر بڑھ جائے گا جس سے درآمدی بل میں سالانہ 12 کروڑ تا 16 کروڑ ڈالرکا اضافہ ہوجائے گا ۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور شپمنٹ اخراجات میں اضافہ پاکستان کے تجارتی وکرنٹ خسارے کو اسی تناسب سے متاثر کرسکتا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھنے کا خطرہ ہے،پاکستان کی معیشت میں اتنی گنجائش نہیں کہ تیل مہنگا ہونے پر سبسڈی دی جائے، خاص طور پراس حالت میں جب پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں ہے اس لیے تیل جتنا مہنگا ہوگا ٹیکسوں سمیت صارفین پر منتقل کیا جائے گا جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بڑھیں گے اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری طفرپراچہ نے ہماری ویب سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی کرنسی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے پاکستان کو موجودہ صورتحال سے ڈبل نقصان ہورہا ہے ایک طرح یومیہ لاکھوںلیٹر تیل جو ایران سے آتا تھا وہ آنا بند ہوگیا ہے دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس کا درآمدی بل بڑھے گا۔

ظفر پراچہ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے سبب پاکستانی برآمدات بھی متاثر ہوں گی یعنی درآمدی بل بڑھنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی کمی کا خدشہ ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤبڑھے گا اور پاکستانی کرنسی کی قدر بھی کمزور ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک جس کے زرمبادلہ کے ذخائر بہت زیادہ نہیں ہوتے کے لیے یہ صورتحال تشویشناک ہے لیکن امید ہے کہ پاکستان ان حالات سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہوجائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More