"جب وہ مجھ سے ملی تھی تو کہتی تھی کہ میری سب سے بڑی فین ہے، میرے گانے پر ناچتی رہی ہے، 'مہندی' میں کام کیا جسے میرے گانے نے ہٹ بنایا. وہ آج جو بھی ہے، میرے گانے کی وجہ سے ہے، اور اب اسی پر طنز کر رہی ہے؟ یہ نادانی ہے" جواد احمد
عید کے موقع پر نشر ہونے والے خصوصی پروگرام میں جہاں میزبان کامران شاہد نے شوبز اور سیاست کے سنگم پر بیٹھے مہمانوں سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی، وہیں فضا علی کی ایک تلخ بات سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی۔ پروگرام کے دوران فضا علی نے گلوکار جواد احمد پر طنز کرتے ہوئے انہیں "دھوبی" قرار دیا اور کہا، "اگر وہ گلوکار نہ ہوتے تو دوسروں کو دھونا ان کا اصل کام ہوتا۔"
یہ جملہ سوشل میڈیا صارفین کے لیے کسی مزاحیہ کلپ سے کم نہ تھا، لیکن جواد احمد کے لیے یہ سراسر توہین آمیز تھا اور انہوں نے خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اپنے مخصوص انداز میں اس کا جواب دیا۔
جواد احمد نے حال ہی میں ایک ویڈیو بیان میں فضا علی کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فضا علی کی کامیابی میں ان کے گانے کا کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈرامہ مہندی، جس نے فضا کو شہرت کی راہ پر ڈالا، دراصل ان کے مقبول گانے کی وجہ سے ناظرین میں ہٹ ہوا۔
"فضا علی ان چار اداکاراؤں میں شامل تھیں جنہوں نے مہندی میں کام کیا، اور وہ مجھے خود کہتی تھیں کہ وہ میرے گانوں کی دیوانی تھیں، ان پر ڈانس کیا کرتی تھیں۔ اب اگر وہ مجھ پر ایسی بات کہہ رہی ہیں، تو یہ میرے لیے نہیں بلکہ ان کی اپنی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ کہہ رہا ہے۔"
جواد احمد کا کہنا تھا کہ فضا علی کا یہ بیان صرف عدم شعور اور ناشکری کی مثال ہے، اور شاید وہ شہرت کے لیے ایسے بیان دے رہی ہیں جو نہ صرف غیر مناسب ہیں بلکہ ان کے اپنے فین ہونے کے دعوے کی نفی کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس بیان کے بعد صارفین میں بحث چھڑ گئی ہے. کچھ نے جواد احمد کے جواب کو باوقار قرار دیا، تو کچھ نے فضا علی کی زبان کو غیر شائستہ اور غیر ذمہ دارانہ کہا۔