بری تو بہت ساری ہیں، لیکن تین ہی بتانی ہیں..."
یہ جملہ تھا اُس والد کا جو مزاح میں بھی بیٹے کی شخصیت کا بھرپور عکس دکھا گیا۔ اور یہ بیٹا کوئی اور نہیں، پاکستان کے باصلاحیت اور ہردلعزیز اداکار بلال عباس ہیں، جنہوں نے اپنی 32ویں سالگرہ کے موقع پر ایک یادگار لمحہ اپنے والد کے ہمراہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
بلال عباس، جنہیں پردے پر دیکھنے والے اُن کے کرداروں کے ناموں سے یاد رکھتے ہیں، حال ہی میں ایک ویڈیو میں اپنے والد کے ساتھ دکھائی دیے۔ جب ان کے والد سے بلال کی خوبیاں اور خامیاں پوچھیں گئیں تو بلال فوراً بول اٹھے، "پہلے بری باتیں بتائیں، اچھی چھوڑیں!"۔ اس پر والد نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، "بری تو بہت ساری ہیں، لیکن تین ہی بتانی ہیں۔"
پھر ایک ایک کر کے پردے اٹھنے لگے۔ والد نے پہلا راز بتایا، "بلال بہت موڈی ہے" — جسے خود بلال نے ہنستے ہوئے تسلیم کیا۔ دوسری بات پر بلال بھی چونک گئے، جب والد نے کہا، "یہ جب جاگ جاتا ہے، مجھے بھی اٹھا دیتا ہے!" — بیٹے کی معصوم صفائی تھی، "آپ چار چار بجے تک سوتے رہتے ہیں، کیا یہ غلط ہے؟" والد نے بھی شرارتی لہجے میں جواب دیا، "تو کیا ہوگیا؟"
تیسری شکایت وہ نکلی جو کئی گھروں میں عام ہے: "اگر پسند کا کھانا نہ ملے تو بلال چڑچڑا ہو جاتا ہے۔" — اور بلال نے اس پر بھی سر ہلا کر اقرار کیا: "اتنا تو ہوتا ہے۔"
جب بات تعریفوں تک پہنچی تو والد نے کچھ دیر توقف کے بعد صرف ایک جملہ کہا، جو شاید بلال کے کیریئر کی سب سے بڑی داد ہو:
"ایک ہی خوبی ہے۔۔۔ اللہ سب کو ایسا بیٹا دے۔"
بلال کی آنکھوں میں اس لمحے خوشی اور شکرگزاری جھلکنے لگی، اور وہ مسکرا کر بولے، "اینڈ ہوگیا!"
یہ ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی بلال کے مداحوں کو ایک اور پہلو دیکھنے کو ملا — ایک فنکار نہیں، بلکہ ایک بیٹا، جس کی شخصیت محبت، مزاح اور خلوص کا امتزاج ہے۔ اور یہی وہ عناصر ہیں جو اس نوجوان اداکار کو اسکرین کے ساتھ ساتھ دلوں پر بھی حکمرانی عطا کرتے ہیں۔