وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم فیصلے

سچ ٹی وی  |  Jun 03, 2025

پنجاب کابینہ نے بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کر دیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 26 واں اجلاس ہوا، جس میں 101 ایجنڈا پوائنٹس پیش کیے گئے، عوام کو ریلیف کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز نے اہم فیصلے کیے، صوبائی کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دے دی۔

مریم نواز نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکیج دینے جا رہے ہیں، پنجاب میں گندم کے 5 لاکھ 14 ہزار کاشت کاروں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے سبسڈی کی ادائیگی مکمل کر لی گئی ہے، مزید 5 لاکھ کاشتکاروں کو تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کر دی جائے گی۔

کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025، پنجاب کی پہلی ’ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی‘ کے قیام کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ نے ایک سال کے اندر ایئر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دے دیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزدوروں اور کارکنوں کے لیےسیفٹی گیئر یقینی بنانے کا حکم دیا اور لیبر ڈپارٹمنٹ کو ایک ماہ کے اندر ورکرز کے لیے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا ٹارگٹ دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ مزدور 5 منزلہ عمارت سے گر کرمر جاتے ہیں، حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی، گٹروں میں صفائی کے لیے اترنے والے ورکرز کو ہر صورت حفاظتی کٹ مہیا کی جائے۔ پنجاب کابینہ نے جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو کے لیے روڈا سے زمین کی خریداری کے لیے 40 کروڑ گرانٹ، پنجاب کے 9 ڈویژنوں میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام بڑوں شہروں میں جلد از جلد چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔

پنجاب آٹزم اسکول اینڈ ریسورس سینٹر لاہور ایکٹ 2025ء کی منظوری کے بعد مریم نواز نے آٹزم سینٹر میں سب مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کا حکم دیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام اسکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دے دیا، 40 ارب روپے سے ہر اسکول میں کلاس روم، ٹائلٹ بلاک، فرنیچر اور لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔

صوبائی کابینہ نے نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ورکرز اور کان کنوں کے لیے راشن کارڈ کی منظوری دی۔ صوبائی کابینہ نے لاہور میں 1100 بلاسود الیکٹرک ٹیکسیوں کی فراہمی، پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی، چھانگا مانگا وائلڈ لائف، لال سونرا، نیشنل پارک میں ایکو ٹوورازم کے منصوبوں کی منظوری بھی دی ۔

اس کے علاوہ کاشت کاروں کی سہولت کے لیے الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسیٹ سسٹم کے نفاذ کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More