ڈیڑھ سال بعد ملک میں ایکس سروس بحال

سچ ٹی وی  |  May 07, 2025

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی سروسز پاکستان بھر میں 7 مئی کو ازخود بحال کردی گئیں، ملک میں ڈیڑھ سال بعد ایکس کو فعال کیا گیا۔ ایکس کو فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد غیر اعلانیہ طور پر بند کردیا گیا تھا۔

ایکس کی سروسز بند کیے جانے پر متعدد سماجی ارکان نے عدالتوں میں درخواستیں بھی دائر کیں اور ان پر سماعتیں بھی ہوئیں، جہاں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام نے بتایا تھا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات پر ایکس کو بند کیا گیا۔

وزارت داخلہ نے سندھ ہائی کورٹ سمیت دیگر عدالتوں کو ایکس پر پابندی کے خلاف دائر درخواستوں میں رپورٹ طلب کرنے پر بتایا تھا کہ عام انتخابات کے بعد ایکس پر کچھ ملک دشمن عناصر نے غلط معلومات پھیلانا شروع کی اور انتشار سے بچنے کے لیے اس کی سروسز معطل کی گئیں۔

وزارت داخلہ کا موقف تھا کہ ایکس نے حکومتی احکامات نظر انداز کیے اور انتشار پھیلانے والے اکاؤنٹس کو معطل نہ کرنے پر ایکس کی سروسز بند کی گئیں۔ پاکستان میں ایکس کی سروسز فروری 2024 سے 7 مئی 2025 تک بند رہیں اور صارفین ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک (وی پی این) استعمال کرکے ایکس چلاتے رہے۔

تاہم 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے 6 مقامات پر حملے اور پاکستانی فوج کی جانب سے بھارتی جنگی طیارے تباہ کرنے کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان نے ایکس کی سروس از خود بحال کردی۔

پی ٹی اے حکام نے ڈان نیوز سے مختصر بات کرتے ہوئے ایکس کی سروس بحال کرنے کی تصدیق کی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایکس کی سروس ہمیشہ کے لیے بحال کردی گئی یا پھر اسے جزوی طور پر کچھ عرصے کے لیے بحال کیا گیا ہے۔

ایکس کے پاکستان بھر میں اگرچہ 45 لاکھ تک صارفین ہیں، تاہم اسے سیاسی و سماجی مسائل پر بحث کرنے کی وجہ سے منفرد حیثیت حاصل ہے، اس لیے زیادہ تر نشریاتی ادارے بھی ایکس پر صارفین کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات پر نظر رکھتے اور اہمیت دیتے ہیں۔

ایکس کی منفرد اہمیت کی وجہ سے پاکستان نے اس کی سروس بحال کی، جہاں پر پاکستانی ایکس صارفین نے بھارتی حملے کی مذمت کرنے سمیت بھارت سرکار کو آئینہ بھی دکھایا اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More