ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے سرچ ٹول میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کردیا ہے، پلیٹ فارم کی مدد سے صارفین اب خریداری کر سکیں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے پیش کی گئی یہ اپ ڈیٹس گزشتہ برس اکتوبر میں متعارف کرائے گئے سرچ فیچرز میں شامل کی گئیں ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اوپن اے آئی گوگل اور دیگر سرچ انجنز کے لیے مسائل میں اضافہ کررہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تازہ ترین اپ ڈیٹس میں سب سے اہم شاپنگ فیچر ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین اشیاء کو ڈھونڈ سکتے ہیں اور موازنہ کرنے کے بعد براہ راست اس سے خریداری بھی کرسکتے ہیں۔
اوپن اے آئی نے یہ بات واضح کی ہے کہ نتائج میں سامنے آنے والی اشیاء اشتہارات نہیں ہوں گی بلکہ ان کا خودبخود انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ شاپنگ فیچرز چیٹ جی پی ٹی کے تمام صارفین کے لیے موجود ہیں۔
واضح رہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) مصنوعی ذہانت اب ہر میدان میں پنجے گاڑ رہی ہے اور خود کو انسان سے باصلاحیت ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ طب کے شعبے میں بھی اے آئی کی حیران کن پیش رفت سامنے آئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں ایک خاتون اپنے ایک مرض کی وجہ سے ڈاکٹروں سے رجوع کرتی رہیں اور ڈاکٹرز بھی انہیں چکر پر چکر لگواتے رہے لیکن مرض کی تشخیص نہ کر سکے لیکن چیٹ جی پی ٹی نے خاتون مریض کے مہلک مرض کی تشخیص کر کے ان کی جان بچانے میں مدد کی۔
رپورٹ کے مطابق 40 سالہ لورین بینن نامی خاتون تیزی سے کم ہوتے وزن اور معدے میں درد کی شکایت لے کر ایک ڈاکٹر کے پاس پہنچیں تو انہوں نے خاتون کو اس کی وجہ آرتھرائٹس یا معدے کی خرابی بتایا۔
خاتون کے مطابق انہوں نے ڈاکٹر کے پاس کئی بار چکر لگائے مگر صحتیابی نہ ملی جس کے بعد جب انہوں نے چیٹ جی پی ٹی پر اپنے مرض کی علامات تحریر کیں تو وہاں سے ایک دلخراش جواب آیا کہ خاتون کو کینسر کا مرض لاحق ہے۔
پلیٹ فارم کے مطابق لورین ”ہیشیموتو“ نامی کینسر کی ایک قسم سے متاثر ہوئیں ہیں اور جب مریضہ نے ٹیسٹ کرایا تو چیٹ جی پی ٹی کی تشخیص بالکل درست نکلی۔