پی ایس ایل کے 11ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

اردو نیوز  |  Apr 22, 2025

پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 11ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پیر کی رات کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز سکور کیے اور کراچی کو جیت کے لیے 148 کا ہدف دیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ 46 رنز بابر اعظم نے بنائے جبکہ محمد حارث 28 اور الزاری جوزف 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کراچی کنگز کے خوشدل شاہ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ عباس آفریدی نے 30 رنز تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

جواب میں کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور ٹم سیفرٹ بغیر کوئی رنز بنائے پہلی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ لیوک وڈ نے ان کی وکٹ حاصل کی۔

اس کے بعد ڈیوڈ وارنر نے جیمز ونس کے ساتھ ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ ونس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وارنر نے 8 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 60 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ تاہم وہ آخری اوورز سے پہلے ہی آؤٹ ہو گئے۔

خوشدل شاہ 17 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آخری دو اوورز میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے اور اس کی دو وکٹیں باقی تھیں۔ تجربہ کار حسن علی نے خوشدل شاہ کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More