آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے کم عمر کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کون ہیں؟

اردو نیوز  |  Apr 20, 2025

ایک شرمیلے سے نوجوان اور سکول کے طالب علم ویبھو سوریاونشی نے 14 برس کی عمر میں ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن کر نہ صرف تاریخ رقم کر دی ہے بلکہ پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر اس لمحے کو یادگار بھی بنا ڈالا ہے۔

انڈین شہر بہار سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ ویبھو سوریاونشی کو ’مستقبل کا سپر سٹار‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

ویبھو سوریاونشی کا ڈیبیوبائیں بازو کے اوپنر بیٹر نے سنیچر کو ’راجستھان رائلز‘ کے لیے کھیلتے ہوئے آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا اور پہلے ہی اوور میں سینیئر بولر شاردُل ٹھاکر کو چھکا رسید کر کے سب کی توجہ مرکوز کر لی۔

ویبھو سوریاونشی نے 20 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

اگرچہ ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر ویبھو سوریا ونشی نے اپنی اچھی پرفارمنس سے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر لی۔

دنیائے کرکٹ کا یہ تاریخ ساز ڈیبیو اس وقت ممکن ہوا جب ویبھو سوریا ونشی کو نومبر 2024 کی نیلامی میں صرف 13 سال کی عمر میں ایک لاکھ 30 ہزار پانچ سو ڈالر کے عوض خریدا گیا تھا۔

وینھو سوریاونشی 13 سال کی عمر میں ایک لاکھ 30 ہزار پانچ سو ڈالر کے عوض خریدا گیا تھا (فوٹو: بی سی سی آئی)انڈین میڈیا کے مطابق ویبھو سوریا ونشی کا تعلق ملک کی سب سے غریب ریاست بہار سے ہے اور ان کے والد ایک کسان اور جز وقتی صحافی ہیں۔

ویبھو سوریاونشی کا برق رفتار کیرئیرویبھو سوریاونشی نے جنوری 2024 میں محض 12 برس کی عمر میں ’رنجی ٹرافی‘ میں حصہ لے کر ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔

اسی سال انہیں آسٹریلیا کے خلاف انڈر 19 سیریز کے لیے انڈین ٹیم میں شمولیت کا موقعہ مل گیا جہاں انہوں نے صرف 58 گیندوں پر شاندار سینچری سکور کی جو کہ یوتھ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری تھی۔

ان سے قبل انگلینڈ کے معین علی نے 2005 میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

ویبھو سوریاونشی کو اصل شہرت یہاں سے نہیں ملی، ان کے نام کا ڈنکا اس وقت بجنا شروع ہوا جب انہیں آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل کیا گیا۔ ان کا نام نہ صرف نیلامی میں شامل تھا بلکہ انہیں خریدنے کے لیے ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ بھی ہوا اور یوں راتوں رات وہ عالمی خبروں کی زینت بن گئے۔

ویبھو سوریا ونشی نے انڈر 19 کرکٹ میں ریکارڈ بنایا (فوٹو: اے پی)آج وہ دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی اور مہنگی ترین ٹی20 کرکٹ لیگ میں بین الاقوامی کرکٹ ستاروں کے ہمراہ کھیل رہے ہیں۔

انڈر19 کی پرفارمنس پر کئی سابق کرکٹرز نے ویبھو سوریاونشی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے سوشل میڈیا پر ان کے چھکے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ناقابلِ یقین ہے۔‘

سابق انڈین بیٹر سنجے منجریکر نے لکھا کہ ’وہ صرف 14 سال کا ہے، مگر اس کی سوچ 30 سالہ کھلاڑی جیسی ہے۔‘

سریش رائنا نے لکھا ’یہ بچہ مستقبل میں کرکٹ پر راج کرے گا۔ ویبھو سوریاونشی وہ کچھ کر کے دکھائے گا جو ہم سوچ بھی نہیں سکتے۔‘

ویبھو سوریا ونشی کی آئی پی ایل میں نیلامی’راجستھان رائلز‘ کے کوچ اور انڈین کرکٹ کے عظیم کھلاڑی راہل ڈریوڈ نے آکشن سے قبل ویبھو کے ٹرائلز کے دوران ان کی صلاحیتوں کو پہچان لیا تھا۔ ان کا ماننا تھا کہ ویبھو کے پاس شاندار سکلز ہیں۔

ویبھو سوریاونشی کے والد سنجیو نے آکشن کے بعد جذباتی انداز میں بتایا تھا کہ ’میں حیران ہوں، الفاظ نہیں ہیں میرے پاس، یہ ہمارے خاندان کے لیے بہت بڑا لمحہ ہے، مجھے اندازہ تھا کہ وہ سلکیٹ ہو جائے گا، مگر کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس کے لیے بولی لگے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ راجستھان رائلز نوجوان کھلاڑیوں کو نکھارنے میں ہمیشہ آگے رہا ہے۔ ’سنجو سیمسن، یشسوی جیسوال، دھروو جریل اور ریان پراگ جیسے کھلاڑی اسی فرنچائز کے ذریعے ابھرے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ویبھو بھی اسی راستے پر چلے گا۔‘

بہار کی  ٹیم میں کھیلنے کے دوران ویبھو سوریہ ونشی کی کوچنگ کرنے والے کوچ پرمود کمار کے مطابق ویبھو سوریاونشی ایک خاموش طبیعت اور شرمیلا لڑکا ہے جو صرف کرکٹ کے لیے جیتا ہے۔ ’وہ ایک ایسا انسان ہے جو کرکٹ کھیلنے کے لیے ہی زمین پر آیا ہے، اس کے دل و دماغ میں صرف کرکٹ ہے، وہ بہت کم بولتا ہے، لیکن اگر بات کرکٹ کی ہو تو ساری رات گفتگو کر سکتا ہے۔‘

منفرد اعزازویبھو سوریاونشی 27 مارچ 2011 کو پیدا ہوئے تھے۔ یعنی وہ آئی پی ایل کے واحد ایسے کھلاڑی ہیں جو لیگ کے آغاز (2008) کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔

اس سے قبل آئی پی ایل میں سب سے کم عمر ڈیبیو کا اعزاز پرایاس رے برمن کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے 16 سال اور 157 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More