پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے ہرا دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 155 رنز بنا کر 19 ویں اوور میں آؤٹ ہوگئی۔
سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان 38، عثمان خان 31 اور افتخار احمد نے 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر نے چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ عماد وسیم نے دو، شاداب خان، نسیم شاہ، ریلے میریڈیتھ اور محمد شہزاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جیسن ہولڈر کو چار اوورز میں 25 رنز دے کر چار وکٹیں لینے اور دو کیچز پکڑنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
قبل ازیں بدھ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 53 اور کولن منرو 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ حیدر علی 33، شاداب خان 14، آندرے گوس نو، اعظم خان چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن ہولڈر 32 اور نسیم شاہ ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جورڈن نے دو جبکہ ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، محمد حسنین اور عبید شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے تینوں میچز میں فاتح رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس میں تاخیر ہوئی تاہم مقررہ اوورز میں کٹوتی نہیں کی گئی۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے تینوں میچز میں فاتح رہی ہے۔
جبکہ ملتان سلطانز کو رواں ایونٹ میں کراچی کنگز اور آج اسلام آباد کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا سکواڈ
آندرے گوس، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، حیدر علی، اعظم خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان (کپتان)، جیسن ہولڈر، محمد شہزاد، عماد وسیم، نسیم شاہ اور رائلے میریڈیتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شامل تھے۔
ملتان سلطانز کا سکواڈ
محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، شائی ہوپ، عثمان خان، افتخار احمد، کامران غلام، مائیکل بریسویل، ڈیوڈ ولی، کرس جورڈن، اسامہ میر، عبید شاہ اور محمد حسنین ملتان سلطانز کی ٹیم کا حصہ تھے۔