پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری ہے اور حصص انٹرا ڈے ٹریڈ میں ایک ہزار 800 پوائنٹس اضافے کے ساتھ اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
کاروبار کے دوران صبح 10 بجے بینچ مارک ’کے ایس ای 100‘ انڈیکس ایک ہزار 855 پوائنٹس یا 1.56 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 20 ہزار 793 کی سطح پر پہنچ گیا جو گزشتہ روز ایک لاکھ 18 ہزار 938 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل کا کہنا ہے کہ ’عالمی منڈیوں میں گرتی ہوئی کمی کے باوجود انڈیکس، حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کے بعد بہتر آمدنی کی توقعات کے ساتھ ساتھ گردشی قرضے کو حل کرنے کے وعدے کے باعث ایک لاکھ 20 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کرتے ہوئے ’بڑے‘ ریلیف پیکج میں شہریوں کو بجلی کے بے تحاشا بلوں کا سامنا کرنے والے بوجھ کو کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو کٹوتی پر راضی کرنا آسان نہیں تھا، انہوں نے مزید کہا تھا کہ ان کی ٹیم نے یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے بہت کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 69 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی مارکیٹ کی کارکردگی کی ایک بڑی وجہ ہے۔