"اے پاگل عورت" جیٹھا لال کے اس مشہور ڈائیلاگ پر پابندی کیوں لگائی گئی؟ اداکار دلیپ جوشی کا انکشاف

ہماری ویب  |  Mar 28, 2025

بھارت کے مشہور اور طویل ترین کامیڈی شو "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" کے کردار جیٹھالال کا مشہور ڈائیلاگ "اے پاگل عورت" پر پابندی کے بارے میں دلیپ جوشی نے خود ایک دلچسپ بات بتائی۔

یہ شو ناظرین کو نہ صرف مختلف مزاحیہ کرداروں اور لمحات سے محظوظ کرتا ہے، بلکہ اس کے کچھ جملے بھی خاصے مشہور ہوئے ہیں۔ تاہم حال ہی میں، دلیپ جوشی نے ایک پوڈکاسٹ میں اس ڈائیلاگ پر پابندی کی وجہ پر روشنی ڈالی۔

کامیڈین سوربھ پنت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے، جب دلیپ جوشی سے پوچھا گیا کہ "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" میں ان کا سب سے یادگار جملہ کون سا ہے، تو انہوں نے بتایا کہ ’’ایک خاص سین میں جب دیابین (دیشا واکانی) نے مخصوص انداز میں ردِعمل دیا تو میں نے مذاقاً یہ جملہ کہا، "اے پاگل عورت"۔ یہ لفظ میرے منہ سے فطری طور پر نکل آیا تھا۔‘‘

دلیپ جوشی نے مزید کہا کہ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ خواتین کے حقوق کی سرگرم تنظیم نے اس جملے پر اعتراض کیا تھا اور ان سے ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ ایسا کوئی لفظ نہ استعمال کریں۔

انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ ’’یہ ڈائیلاگ کسی کی دل آزاری یا توہین کے لیے نہیں تھا بلکہ یہ صرف ایک ہنسی مذاق کے انداز میں تھا۔ تاہم کچھ لوگوں نے اسے ناپسندیدہ سمجھا، جس کے بعد اس جملے کو شو سے مکمل طور پر نکال دیا گیا۔‘‘

آخر میں، دلیپ جوشی نے اعتراف کیا کہ ’’آج بھی یہ ڈائیلاگ میری پسندیدہ لائنوں میں شامل ہے۔‘‘

"تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" کے شو کی کاسٹ میں کئی تبدیلیاں آئی ہیں لیکن اس کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ آج بھی یہ شو اپنی پسندیدگی میں سب سے اوپر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More