"دانش کے تمام مالی معاملات ہمیشہ سے ان کے والد دیکھتے ہیں۔ جب میں نے شادی کے بعد کام نہیں کیا تو مجھے جیب خرچ کی ضرورت ہوتی تھی، اور وہی مجھے چیک دیتے تھے۔ ہر مہینے وہ مجھ سے پوچھتے تھے کہ ان پیسوں کا کیا کیا؟"
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ عائزہ خان نے ایک نجی چینل کے شو میں اپنی شادی شدہ زندگی کے دلچسپ مالی معاملات پر کھل کر بات کی۔ اپنے شوہر دانش تیمور کے ساتھ گفتگو میں عائزہ نے انکشاف کیا کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں، جب وہ کام نہیں کر رہی تھیں، تو ان کے جیب خرچ کا ذمہ دانش کے والد کے پاس تھا!
عائزہ کے اس بیان پر دانش تیمور نے بھی دلچسپ بات شیئر کی۔ انہوں نے کہا:
"الحمدللہ، میرے پاس بے شمار چیکس آتے ہیں، لیکن آج تک ایسا نہیں ہوا کہ وہ میرے والد کے ہاتھ سے نہ گزریں اور سیدھا میرے پاس آجائیں۔ میں نے کبھی ایسا ہونے ہی نہیں دیا!"
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی کمائی کے تمام چیکس سب سے پہلے اپنے والد کو دیتے ہیں اور انہیں کہتے ہیں کہ یہ پیسے بینک میں جمع کروا دیں۔
دانش تیمور نے اپنے والد سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے والد کو کبھی یہ محسوس ہو کہ ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔
"میں نے ہمیشہ یہی سوچا کہ میرے والد کو بھی یہ احساس ہو کہ وہ بھی امیر ہیں، جیسے میں اپنے بیٹے کی ہر خواہش پوری کرتا ہوں، اسی طرح میرے والد نے بھی کی۔ میں چاہتا ہوں کہ ان کے پاس ہمیشہ اتھارٹی رہے!"
عائزہ خان اور دانش تیمور کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ کچھ مداح ان کی فیملی بانڈنگ اور والدین کے لیے عقیدت کو سراہ رہے ہیں، جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ بات عام گھریلو رویوں سے مختلف ہے۔