بھارتی ٹی وی اور سوشل میڈیا کی معروف اداکارہ جنت زبیر نے اپنے دوست فیصل شیخ کو انسٹاگرام پر اَن فالو کر کے دونوں کے درمیان تعلقات میں خرابی کی افواہیں شروع کر دی ہیں۔
جنت زبیر، جو بھارت کی سب سے مشہور ٹک ٹاکر ہیں، اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے ہمیشہ مداحوں کی توجہ کا مرکز رہی ہیں، خاص طور پر فیصل شیخ کے ساتھ ان کے تعلقات کے بارے میں۔
11 مارچ 2025 کو جنت نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ بغیر میک اپ کے اور ایک کریمی رنگ کی شال میں نظر آ رہی تھیں، جن کے ساتھ انہوں نے ایک پراسرار کیپشن لکھا: ’’جو ہے، اسے قبول کرو۔ جو تھا، اسے چھوڑ دو۔ اور جو ہوگا، اس پر بھروسہ رکھو۔‘‘
ان الفاظ سے مداحوں نے یہ نتیجہ نکالا کہ شاید جنت اور فیصل کے درمیان کچھ غلط چل رہا ہے۔
فیصل شیخ نے جنت، ان کے بھائی ایان زبیر اور والدہ نازنین کو ابھی تک فالو کیا ہوا ہے، جبکہ وہ سب نے فیصل کو اَن فالو کر دیا ہے، جس سے تعلقات میں خرابی کی مزید قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ ایک وقت تھا جب جنت اور فیصل کی جوڑی پر میڈیا میں بہت باتیں ہوتی تھیں، اور فیصل نے ایک شو کے دوران مذاقاً کہا تھا کہ ان کی شادی اس شو کے بعد پکی ہو جائے گی۔
جنت نے 2007 میں ڈرامہ ’دل مل گئے‘ سے اداکاری کا آغاز کیا اور کئی مشہور ڈراموں میں کام کیا۔ سوشل میڈیا پر ان کی موجودگی نے انہیں ایک بڑا فین بیس فراہم کیا، اور وہ ٹک ٹاک، ڈبز میش اور میوزیکلی جیسے پلیٹ فارمز پر اپنی ویڈیوز کے ذریعے لاکھوں دل جیت چکی ہیں۔