"تم لوگ کتنے عجیب ہو! میں کیا کہوں؟ پہلے ہی لیٹ ہو چکے ہو، میرا وقت ضائع کر دیا۔ یہ کیسا رویہ ہے؟ تم لوگوں میں کوئی پروفیشنلزم ہی نہیں۔ مجھے نہیں سمجھ آتی کہ یہ 'سوری' نام کا لفظ ایجاد ہی کیوں ہوا؟ مطلب، پہلے کسی کا وقت برباد کرو، پھر معذرت کر لو، اور اگر سامنے والا ناراض ہو تو وہ بدتمیز لگے؟ وقت پیسہ ہے، اور تم لوگوں نے میرا پیسہ ضائع کر دیا!"
لائیو رمضان ٹرانسمیشن میں حرا سومرو کا طوفانی غصہ، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی!
مشہور ڈرامہ ’تیرے بن‘ میں اپنی لاجواب اداکاری سے شہرت پانے والی حرا سومرو نے حال ہی میں پی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی، لیکن شو کے دوران ایسا واقعہ پیش آیا جس نے ناظرین کو حیرت میں ڈال دیا۔
پروگرام کے دوران میزبان سید شعیب کی تاخیر پر حرا سومرو برہم ہوگئیں اور اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکیں۔ جیسے ہی لائیو نشریات دوبارہ شروع ہوئی، میزبان نے ان سے سوال کیا، "حرا، آپ پریشان کیوں ہیں؟" تو اداکارہ نے بغیر کسی جھجک کے دو ٹوک الفاظ میں جواب دیا، جس میں انہوں نے میزبانوں کی غیر پیشہ ورانہ رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
ناظرین کی ملی جلی آراء، کسی نے اسکرپٹڈ کہا، تو کسی نے بھوک کا شاخسانہ قرار دیا
یہ واقعہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تبصروں کا طوفان آگیا۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ سب پہلے سے طے شدہ لگ رہا تھا اور حرا سومرو محض اداکاری کر رہی تھیں۔ ایک صارف نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، "یہ تو میرا پارٹ 2 لگ رہی ہیں!" جبکہ کسی نے طنزاً کہا، "لگتا ہے روزہ لگ گیا ہے، اسی لیے غصے میں ہیں!"
کچھ ناظرین نے حرا کے پیشہ ورانہ رویے کو سراہا اور کہا کہ وقت کی پابندی واقعی ضروری ہے، اور انہیں بولنے کا حق تھا۔ دوسری طرف، کچھ لوگوں نے کہا کہ لائیو نشریات میں اس طرح کا سخت ردعمل دینا غیر مناسب تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب رمضان ٹرانسمیشنز میں کوئی متنازع واقعہ ہوا ہو۔ کئی لوگ اس سوال پر بھی بحث کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعی میزبانوں کی تاخیر کا معاملہ تھا یا پھر ایک سوچا سمجھا اسکرپٹ، جس کا مقصد وائرل ہونا تھا؟