"کوئی بھی معروف شخصیت ہو، اسے معروف بنانے میں میڈیا نہیں بلکہ مداح کردار ادا کرتے ہیں، میڈیا صرف اداکاروں اور فینز کے درمیان ایک میڈیم ہے، میڈیا ایک راستہ ہے جہاں سے ہم لوگوں تک پہنچتے ہیں۔"
پاکستان کی معروف اداکارہ اور سپر ماڈل حمیمہ ملک نے اپنے بھائی، اداکار فیروز خان سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والے تنازعے پر کھل کر اپنا موقف بیان کیا ہے۔
حمیمہ ملک نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں فیروز خان اور ایک خاتون صحافی کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشہور شخصیات کو شہرت دینے میں میڈیا کا نہیں، بلکہ ان کے مداحوں کا ہاتھ ہوتا ہے، کیونکہ میڈیا صرف ان کے درمیان ایک پل کا کام کرتا ہے۔
یہ ویڈیو پیغام جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، صارفین کی مختلف آراء سامنے آئیں۔ کچھ نے حمیمہ ملک کی حمایت کی، جبکہ کئی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر میڈیا نہ ہو تو اداکاروں کو مداح کیسے ملیں گے؟ اور پھر کچھ نے یہ بھی کہا کہ حمیمہ ملک اپنے بھائی کی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کی ہمیشہ کوشش کرتی ہیں، جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ فیروز خان اور حمیمہ ملک کی توجہ حاصل کرنے کی یہ کوئی نئی عادت نہیں ہے۔
یہ ساری صورتحال اس وقت کی ہے جب فیروز خان حالیہ دنوں میں یوٹیوبر رحیم پردیسی کے ساتھ باکسنگ میچ کے لیے پریس کانفرنس میں تاخیر سے پہنچے تھے، جس کی وجہ سے میڈیا میں بے چینی پھیل گئی اور صحافیوں کے ساتھ ان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔