عورت کمانا شروع کردے تو جتاتی ہے۔۔ صائمہ قریشی کے عورتوں کے متعلق نیک خیالات سن کر صارفین نے بھی شیشہ دکھا دیا

ہماری ویب  |  Feb 10, 2025

"کوئی مانے یا نہ مانے لیکن برکت مرد ہی کی کمائی میں ہوتی ہے۔ جب عورت گھر چلانا شروع کردیتی ہے تو یہ اس کی سرشت میں شامل ہے کہ وہ ضرور جتاتی ہے۔ اور مرد کو دوسری شادی کرنے سے پہلے پہلی بیوی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ اسی لیے کہا گیا ہے کہ نکاح عام ہونے سے بے حیائی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ کون کہتا ہے دوسری شادی سے پہلے بیوی کی اجازت لی جائے؟ اگر آپ دوسری شادی کرتے ہیں تو اسے چھپانے کی ضرورت نہیں، اس کا اعلان کریں اور اسے تسلیم کریں۔"

پاکستان کی سینئر اداکارہ صائمہ قریشی کے حالیہ بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں خواتین کے گھر چلانے، مردوں کی کمائی اور دوسری شادی کے حوالے سے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔

صائمہ قریشی کا کہنا تھا کہ مرد کی کمائی میں برکت ہوتی ہے، اور جب عورت گھر چلانا شروع کرتی ہے تو وہ ہمیشہ جتاتی ہے۔ مزید یہ کہ انہوں نے دوسری شادی کے حق میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد کو اپنی پہلی بیوی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ نکاح کو عام کر کے بے حیائی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے مردوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوسری شادی کرتے ہیں تو اسے چھپانے کی بجائے صاف طور پر تسلیم کریں۔ ان کے مطابق، غیر ازدواجی تعلقات سے بہتر ہے کہ انسان نکاح کر لے، تاکہ معاشرتی اور اخلاقی ضابطوں کی پاسداری کی جا سکے۔

صائمہ قریشی کا یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل کا سبب بن گیا ہے۔ بہت سے صارفین ان کے خیالات سے متفق نہیں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ پاکستان میں دوسری شادی کو منفی انداز میں دیکھا جاتا ہے کیونکہ مرد دونوں خاندانوں کے درمیان توازن قائم کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ جبکہ کچھ افراد ان کی عورتوں کی کمائی سے متعلق باتوں پر بھی تنقید کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More