پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

سچ ٹی وی  |  Jan 29, 2025

پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، درخواست ممبر لاہور پریس کلب جعفر بن یار نے اپنے وکیل کے توسط سے درخواست دائر کی، جس میں وفاقی حکومت، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

صحافی جعفر بن یار نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، وکیل ندیم سرور کے توسط سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت ،پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی نے پیکا میں ترمیم سے متعلق بل منظور کیے، پیکا ترمیمی ایکٹ میں نئی سزاؤں کے اضافے سےرہی سہی آزادی بھی ختم ہوجائے گی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پیکا بل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور صحافتی تنظیموں کی مشاورت کے بغیر لایا گیا، پیکا ترمیمی بل کی منظوری سے آئین میں دی گئی آزادی اظہار شدید متاثر ہوگی، ترمیمی ایکٹ غیر آئینی اور آئین میں دی گئی آزادی اظہار کے تحفظ سے متصادم ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت پیکا ترمیمی ایکٹ کو غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دے اور ترمیمی ایکٹ کے تحت ہونے والی کارروائیوں کو درخواست کے حتمی فیصلے سے مشروط کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد گزشتہ روز سینیٹ نے بھی متنازع پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More