پاکستان نے پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ آسٹریلیا کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ یہ تاریخی کامیابی پاکستان نے 22 برس بعد آسٹریلوی سرزمین پر حاصل کی ہے، جس کے باعث شائقینِ کرکٹ خوشی سے جھوم اُٹھے۔
میچ کا آغاز پاکستانی کپتان محمد رضوان کے ٹاس جیتنے اور پہلے بولنگ کرنے کے فیصلے سے ہوا۔ پاکستانی پیس اٹیک نے ابتدا سے ہی میچ کا رخ موڑ دیا۔ نسیم شاہ نے 20 رنز پر پہلی وکٹ لی، جب کہ شاہین آفریدی نے 36 کے مجموعی اسکور پر دوسری وکٹ حاصل کر کے آسٹریلیا کو مشکلات میں ڈال دیا۔ اس کے بعد جوش انگلس 7 رنز بنا کر نسیم کا شکار بنے، جب کہ حارث رؤف نے 13.5 اوورز میں پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کر لی۔
آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، یہاں تک کہ پوری ٹیم 31.5 اوورز میں صرف 140 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستانی بولرز میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے تین تین جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حسنین نے بھی ایک وکٹ لی۔
پاکستانی بیٹنگ کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے پُراعتماد آغاز کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں اوپنرز بالترتیب 37 اور 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان نے اننگز کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو 26.5 اوورز میں فتح دلائی۔ بابر 28 جبکہ رضوان 30 رنز پر ناقابلِ شکست رہے۔
اس میچ میں پلیئر آف دی میچ اور سیریز کا ایوارڈ حارث رؤف کو دیا گیا۔ انہوں نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابقہ ریکارڈز توڑ دیے۔