علاج کے لئے سب کچھ بیچ دیا لیکن۔۔ سب کو ہنسانے والے خواجہ سلیم کس حال پر پہنچ گئے؟ بتاتے ہوئے رو پڑے

ہماری ویب  |  Nov 01, 2024

"ہر عروج کو زوال ہے۔ ایک وقت تھا جب میرے پاس سب کچھ تھا، اور آج علاج کی وجہ سے سب کچھ فروخت کر چکا ہوں، لیکن کسی سے شکوہ نہیں۔"

شوبز انڈسٹری کے سینئر فنکار خواجہ سلیم، جو پچھلے دو برسوں سے اسکرین سے غائب ہیں، نے نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی دکھ بھری داستان بیان کر دی۔ 42 سال سے فن کی خدمت کرنے والے اس عظیم اداکار کو ذیابیطس نے بری طرح متاثر کیا، جس کے باعث انہیں اپنے ایک پیر کی دو انگلیاں کٹوانی پڑیں اور اس کا اثر چلنے پھرنے کی صلاحیت پر بھی ہوا۔

خواجہ سلیم نے بتایا کہ ان کا علاج بہت مہنگا ہے، روزانہ کا خرچ 8 ہزار روپے تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے بچوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا، مگر وہ اب صوبائی حکومت اور مخیر حضرات سے مالی تعاون کی اپیل کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے پاس اب کچھ باقی نہیں بچا۔ حکومت پنجاب نے انہیں 2 لاکھ روپے فراہم کیے، جس سے وہ بمشکل 20 دن کا خرچ اٹھا سکے، مگر موجودہ مہنگائی میں یہ امداد ناکافی ثابت ہوئی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے، خواجہ سلیم نے شوبز انڈسٹری کے 80 فیصد افراد کو منافق قرار دیا اور کہا کہ بیماری میں چند قریبی دوستوں کے علاوہ کسی نے حال تک نہ پوچھا۔ سہیل احمد اور شگفتہ اعجاز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان دونوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔

1972ء میں پی ٹی وی لاہور سے چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے آغاز کرنے والے خواجہ سلیم نے درجنوں ڈراموں، فلموں اور تھیٹرز میں یادگار کام کیا۔ پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنی کامیڈی سے شہرت حاصل کی۔ آج، اپنی بیٹیوں اور دامادوں کے سہارے زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے علاج کے لئے گھر، گاڑی اور قیمتی اشیاء بیچنے پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More