انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو پر شاندار سنچری اسکور کرنے والے کامران غلام ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ ان کی کرکٹ نہیں بلکہ ایک پرانی ویڈیو ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی متنازع ویڈیو، جس میں لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف انہیں تھپڑ مارتے دکھائی دیتے ہیں، دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
کامران غلام نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی ہی اننگز میں سینچری بنا کر 13ویں پاکستانی بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا، جس نے انہیں ایک بار پھر کرکٹ کے مداحوں کا مرکز بنا دیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کے بعد انہیں بابراعظم کی جگہ موقع دیا گیا، اور انہوں نے اسے خوب بھنایا۔
لیکن، جیسے ہی کامران غلام کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا، 2022 کی پی ایس ایل کی ایک ویڈیو دوبارہ منظر عام پر آ گئی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک میچ کے دوران کامران کے کیچ چھوڑنے پر حارث رؤف نے غصے میں انہیں تھپڑ مار دیا تھا۔ یہ منظر تب خوب وائرل ہوا تھا، لیکن بعد میں دونوں کھلاڑیوں نے معاملے کو سنبھالا، گلے مل کر صلح کی، اور ٹیم کا ماحول بحال کر دیا۔
اب جب کہ کامران غلام نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کی ہے، وہ پرانی ویڈیو دوبارہ لوگوں کی گفتگو کا حصہ بن گئی ہے، لیکن اس بار کرکٹ کے میدان میں ان کی کامیابی کی روشنی میں دیکھی جا رہی ہے اور لوگ حارث رؤف کے رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔