کرم میں مسافروں کے قافلے پر حملے میں 11 افراد ہلاک: ’حملہ آور کافی زیادہ تھے اور انھوں نے سڑک کو گھیرا ہوا تھا‘

بی بی سی اردو  |  Oct 12, 2024

’انھوں نے براہ راست ہماری فلائنگ کوچ (مسافر ویگن) پر فائرنگ کی۔ جب فائرنگ کی تو اس وقت میں نے کلمہ پڑھ کر آنکھیں بند کر لی تھیں۔۔ مجھے لگا کہ مجھ سمیت کسی کا بھی بچنا مشکل ہے۔ کافی دیر بعد جب فائرنگ کی آواز بند ہوئی اور آنکھیں کھولیں تو میرے ارد گرد زخمی خواتین، بچے اور مرد تھے۔‘

یہ الفاظ ضلع کرم کے علاقے اپر کرم میں کونج علیزئی کے علاقے میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملے میں بچ جانے والے محمد طاہر کے ہیں۔

محمد طاہر کا کہنا ہے کہ ’ہمارا قافلہ چار گاڑیوں پر مشتمل تھا۔ ہم لوگ مقبل کے رہائشی ہیں اور ایک روز پہلے قریب ہی کے علاقے میں اپنے ایک رشتہ دار کے جنازے میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ہفتے کے روز جب ہم لوگ صبح کے وقت تقریباً نو بجے کونچ علیزئی کے علاقے میں پہنچے تو مسلح افراد نے ہمارا راستہ روک لیا۔‘

محمد طاہر کا کہنا تھا کہ ’ہمارا قافلہ سکیورٹی میں چل رہا تھا۔ ہماری فلائنگ کوچ کے علاوہ تین اور چھوٹی گاڑیاں تھیں۔ یہ سب لوگ بھی مقبل کے رہائشی اور جنازے میں شرکت کے لیے گئے تھے۔‘

اپر کرم پولیس کے مطابق ضلع میں فائرنگ اور تصادم کا پہلا واقعہ گذشتہ روز تھانہ روضہ کی حدود مقبل کے پہاڑی علاقے کنج علیزئی اور اس کے بعد دوسرا واقعہ بھی تھانہ روضہ کی حدود میں آج صبح پیش آیا، جس میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مسافروں کے قافلے پر ’اندھا دھند‘ فائرنگ کی گئی۔ قافلے میں متعدد مسافر اور نجی گاڑیاں شامل تھیں۔

یاد رہے کہ ضلع کرم میں ہر قسم کے سفر کے لیے پولیس سکیورٹی میں مسافر قافلوں کی صورت میں سفر کرتے ہیں۔

مقبل کے علاقے کنج علیزئی کے پہاڑ پر فائرنگ کے واقعہ کے بارے میں پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ لوگ مبینہ طور پر شکار کے لیے ان پہاڑوں پر گئے تھے۔

ضلع کرم میں گذشتہ تین ماہ کے دوران اس نوعیت کے واقعات تیسری مرتبہ پیش آئے ہیں اور گذشتہ واقعات میں بھی بھاری جانی نقصان ہوا تھا۔

اس سے قبل ستمبر کے آخری ہفتے میں ہونے والی قبائلی جھڑپیں معمولی مورچے کی تعمیر کے تنازعے پر شروع ہوئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے ضلع میں چار مقامات پر آٹھ مختلف قبائل کے درمیان شروع ہو گئی تھی۔

یاد رہے کہ ضلع کرم کا شمار ملک کے قدیم ترین قبائلی علاقوں میں ہوتا ہے۔ غیر منقسم ہندوستان میں انگریز دورِ حکومت کے دوران 1890 کی دہائی میں اس قبائلی علاقے کو باقاعدہ طور پر آباد کیا گیا اور اس کے بعد یہاں زمینوں کی تقسیم شروع ہوئی۔

حالیہ واقعات کے باعث علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز علاقے میں پہنچ چکی ہیں۔

ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نو زخمیوں کو پہنچایا گیا تھا جس میں سے ایک زخمی ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ 10 لاشیں ہسپتال میں پہنچائی گئیں تھیں۔

’حملہ آور کافی زیادہ تھے اور انھوں نے سڑک کو گھیرا ہوا تھا‘

محمد طاہر کہتے ہیں کہ ’جب ہم کونج علیزئی کے علاقے میں پہنچے تو ڈرائیور نے ایک دم چیخ کر بتایا کہ روڈ بلاک ہے۔ سب انتہائی خطرہ محسوس کررہے تھے جبکہ میرا خیال تھا کہ سکیورٹی کی گاڑی موجود ہے تو کچھ نہیں ہوگا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مگر حملہ آور تعداد میں کافی زیادہ تھے اور انھوں نے سڑک کو چاروں طرف سے گھیرا ہوا تھا۔

’ان میں ہر شخص کےپاس کلاشنکوف تو تھی ہی مگر ان میں سے کچھ کے پاس بڑا اسلحہ بھی تھا۔‘

محمد طاہر کا کہنا تھا کہ ’مسلح افراد نے جب اندھا دھند فائرنگ شروع کی تو میں نے چیخ کر کہا کہ سر نیچے کرو۔ جو سر نیچے کر گیا وہ محفوظ رہا۔‘

محمد طاہر کہتے ہیں کہ ’پتا نہیں کتنی دیر فائرنگ ہوتی رہی، مجھے لگا کہ وہ وہاں سے فرار ہوتے ہوئے بھی فائرنگ کر رہے تھے۔

’جب فائرنگ کی آواز بند ہوئی تو میں نے آنکھیں کھولیں اور سر اوپر کیا تو دیکھا کہ ہر طرف زخمی پڑے ہوئے تھے۔ میرے قریب کچھ لوگوں کی سانسیں بند ہوچکی تھیں۔ ایسا لگ رہا تھا کہ قیامت کا سماں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر سکیورٹی اہلکار باہر کھڑے تھے اور زخمیوں کی مدد کرنے کی کوشش کررہے تھے مگر زخمی بہت زیادہ تھے۔

ضلع کرم میں فرقہ وارانہ فسادات: چند کنال زمین کے تنازعات جو سینکڑوں جانیں لے چکے ہیںکرّم میں جھڑپوں کے بعد حالات بدستور کشیدہ، فوج اور ایف سی تعیناتکرّم میں 43 ہلاکتیں: بوشہرہ میں زمین کا تنازعہ پُرتشدد فرقہ وارانہ لڑائی میں کیسے بدل جاتا ہےضلع کرم میں جھڑپیں: ’معاملہ زمین کی ملکیت کا ہے، فرقہ وارانہ نہیں‘’گاڑیوں میں سے لاشیں نیچے گری ہوئی تھیں‘

فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ایک عینی شاہد تسلیم انور کے مطابق ’جب فائرنگ شروع ہوئی تو میں قریب ہی کے علاقے میں موجود تھا۔ جب فائرنگ ختم ہوئی تو اس وقت میں اپنے کچھ لوگوں کے ہمراہ موقع پر پہنچا تو دیکھا کہ ایک فلائنگ کوچ اور تین چھوٹی گاڑیوں میں سے لاشیں نیچے گری ہوئی تھیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ایک کار میں ڈائیور اور فرنٹ سیٹ پر موجود شخص ہلاک ہو چکے تھے جبکہ دوسری کار میں سے دو افراد کی لاشیں سڑک پر گری ہوئی تھیں۔‘

شاہد تسلیم کا کہنا تھا کہ فلائنگ کوچ میں زخمی موجود تھے جن کا خون بہہ رہا تھا۔ ’کچھ لوگ موقع پر پہنچے تو انھوں نے اپنی گاڑیوں میں زخمیوں کا منتقل کرنا شروع کیا جبکہ سکیورٹی اہلکار اور ایمبولینس بھی پہنچ گئے تھے۔‘

’حالیہ واقعہ بظاہر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی گئی افواہ کا نتیجہ ہے‘

کرم ضلع کی انتظامیہ اور پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ان کے پاس دوسرے واقعے سے پہلے اطلاع پہنچی تھی کہ کونج علیزئی کے پہاڑوں پر شاید لوگوں پر فائرنگ ہوئی اور کوئی ہلاک یا زخمی ہوا مگر ابھی تک ہمارے پاس ایسے کوئی شواہد نہیں۔‘

نیاز محمد کونج علیزئی علاقے کے رہائشی اور امن جرگہ کے ممبر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے امن ہوا تھا اور اب دوبارہ یہ واقعہ ہونا خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے۔‘

نیاز محمد کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ لگتا ہے کہ یہ واقعہ علاقے میں سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی افواہ کی وجہ سے ہوا جو جمعے کو کونج علیزئی کے پہاڑی علاقے میں فائرنگ کے مبینہ واقعے کے بعد پھیلائی گئی تھی۔

ان کے مطابق ’اس افواہ میں کہا گیا تھا کہ کونج علیزئی کے علاقے کے رہائشی اوپر پہاڑوں پر گئے ہیں جہاں پر قریب ہی مقبل کے علاقے کے لوگ موجود تھے۔‘

’سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ مقبل کے لوگوں نے کونج علیزئی کے لوگوں پر فائرنگ کی جس سے کچھ لوگ مارے گئے ہیں حالانکہ ابھی تک اس کی کوئی حقیقت سامنے نہیں آئی، نہ ہی یہ پتا چلا ہے کہ وہاں پر کیا واقعہ ہوا۔‘

مقبل یونین کونسل کے چیئرمین محمد عمران کہتے ہیں کہ ’حالیہ ہنگاموں کے بعد طویل عرصہ بعد کچھ دن پہلے راستے کھلے تھے۔ جس کے لیے حکومت نے قافلے کا نظام متعارف کروایا تھا مگر اب چند دن کے اندر دوبارہیہ واقعہ پیش آ گیا اور راستے مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ حکومت، پولیس اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی کرنے والوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مقبل میں جنازے پڑھائے جا چکے ہیں مگر لوگ مشتعل ہیں۔ ہم امن قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر امن تو اس وقت ہی قائم ہوگا جب انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور کسی کو بھی دہشت گردی کی اجازت نہیں ہو گی۔‘

کرم ضلع کی پولیس اور انتظامیہ کے مطابق وہ تمام واقعے کی تفتیش کررہے ہیں اور ہر صورت راستوں کو پر امن بنایا جائے گا۔

ضلع کرم میں جھڑپیں: ’معاملہ زمین کی ملکیت کا ہے، فرقہ وارانہ نہیں‘کرّم میں 43 ہلاکتیں: بوشہرہ میں زمین کا تنازعہ پُرتشدد فرقہ وارانہ لڑائی میں کیسے بدل جاتا ہےضلع کرم میں فرقہ وارانہ فسادات: چند کنال زمین کے تنازعات جو سینکڑوں جانیں لے چکے ہیںکرّم میں جھڑپوں کے بعد حالات بدستور کشیدہ، فوج اور ایف سی تعیناتکرم میں کشیدگی: ’سکیورٹی فورسز نے جرگہ کی مدد سے امن قائم کروا دیا، سفید جھنڈے لہرا دیے گئے‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More