پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن نے سب میرین کیبل کی خرابی کو حالیہ دنوں کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ سلو ہونے کی وجہ قرار دیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس سید امین الحق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، پی ٹی سی ایل کے صدر کی اجلاس میں عدم شرکت پر چیئرمین قائمہ کمیٹی نے اظہار برہمی کیا۔
کمیٹی ممبر علی قاسم گیلانی نے کہا کہ ہم بھی یہاں اپنے کام چھوڑ کر آئے ہوئے ہیں اور یہ اہمیت نہیں دیتے، قومی اسمبلی مین اپوزیشن اور کمیٹی ممبر عمر ایوب نے کہا کہ میری آج عدالت میں پیشی ہے، کسی وقت بھی گرفتار ہوسکتا ہوں، میں وہ پیشی چھوڑ کر یہاں آیا ہوں کیونکہ آج قومی نوعیت کا معاملہ زیر غور ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پی ٹی سی ایل) حکام کی عدم موجودگی پر ارکان قائمہ کمیٹی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ان سے لکھوایا جائے کہ صدر یا سی ای وی اجلاس میں کیوں نہیں آئے، چیئرمین قائمہ کمیٹی سید امین الحق نے پی ٹی سی ایل کے سی ای او یا چیئرمین کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔
سید امین الحق نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں اس وضاحت کے ساتھ آئیں کہ اس اجلاس میں کیوں موجود نہیں؟ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او)کے سربراہ سربراہ جنرل عمر احمد شاہ کی قائمہ کمیٹی میں عدم شرکت پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔
سید امین الحق نے کہا کہ یہ رویہ قابل قبول نہیں، اس فورم کا اہمیت دی جانا چاہے، عمر ایوب نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ممبر تمام فور اسٹارز سے سینئر ہے، اسٹیٹ آف پاکستان سب سے بالاتر ہے، سب کے سب اسٹیٹ آف پاکستان کو جواب دہ ہیں۔
اجلاس کے دوران ایس سی او کی بریفنگ کا ایجنڈا بھی ملتوی کردیا گیا، سید امین الحق نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں حاضری کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں انٹرنیٹ میں خلل، سوشل میڈیا ایپش کی بندش اور ملک بھر میں کمزور سگنلز کا ایجنڈا زیرِ بحث آیا، چیئرمین پی ٹی اے کی طرف سے کمیٹی ارکان کو بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ انٹرنیٹ کیوں سست ہے، واٹس ایپ کیوں نہیں چل رہا، فائر وال لگا ہے یا نہیں، یہ بتایا جائے۔
چیئرمین پی ٹی اے نےقائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی اور سب میرین کیبل کی خرابی کو انٹرنیٹ میں خلل کی وجہ قرار دیا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ایک مسئلہ ہوا، انٹرنیٹ کا مسئلہ 6 سے 7 دن رہا، کل پاکستان میں 7 سب میرین کیبل آتی ہیں، سب میرین کیبل میں تکنیکی خرابی ہے، سب میرین کیبل 22 اگست تک ٹھیک ہوجائے گی، انٹرنیٹ میں مسئلے کی وجہ سے وی پی این کا استعمال بڑھا۔
احمد عتیق نے کہا کہ انٹرنیٹ سب میرین کیبل کی وجہ سے سست نہیں ہوا، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کسی دوسرے ملک میں سب میرین کیبل کی وجہ سے انٹرنیٹ سست کیوں نہیں ہوا۔