پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی گورنر خیبر پختونخوا نامزد

اردو نیوز  |  May 04, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا نامزد کردیا گیا۔ وہ جمعیت علما اسلام کے رہنما اور موجودہ گورنر حاجی غلام علی کی جگہ سنیچر کو اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر فیصل کریم کنڈی کو خیبر پختونخوا کا گورنر نامزد کرنے کی تصدیق کی۔ 

فیصل کریم کنڈی کون ہیں؟فیصل کریم کنڈی 24 مئی 1975 کو خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ڈی آئی خان کی کُنڈی فیملی سے ہے۔اُن کے والد فضل کریم کُنڈی بھی سیاست سے وابستہ رہ چکے ہیں، وہ چیئرمین کی حیثیت سے ڈسٹرکٹ کونسل ڈی آئی خان  کا حصہ رہے اور بعدازاں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو کر ایم پی اے منتخب ہوئے۔فیصل کریم کنڈی نے والد کے سیاسی نقش قدم پر چلتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستگی برقرار رکھی اور زمانہ طالب علمی سے ہی پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) میں مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم ڈی آئی خان  سے حاصل کی جبکہ گریجویشن پنجاب یونیورسٹی سے کی۔اس کے بعد وہ اعلٰی تعلیم حاصل کرنے کے لیے لندن تھیمز ویلی کالج گئے اور قانون کی ڈگری حاصل کی۔فیصل کریم کنڈی نے 2002 میں عملی سیاست کا آغاز کیا۔ انہوں نے 2008 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پہلی بار قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شکست دے کر رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے فیصل کریم کنڈی کو ڈپٹی سپیکر نامزد کیا اور 2013 تک  ڈپٹی سپیکر کے طور پر کام کرتے رہے۔   فیصل کریم کنڈی نے 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں بھی ڈیرہ اسماعیل خان سے الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ’ایکس‘ پر فیصل کریم کنڈی کو گورنر نامزد کرنے کی تصدیق کی (فوٹو: سکرین شاٹ)

انہوں نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے الیکشن میں ڈیرہ اسماعیل خان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 44 سے حصہ لیا، تاہم وہ موجودہ وزیراعلٰی اور تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور سے شکست کھا گئے۔  فیصل کریم کنڈی 2021 کے بلدیاتی انتخابات میں میئر ڈی آئی خان کے الیکشن کے لیے میدان میں اُترے اور اس بار علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین گنڈاپور سے ہار گئے۔فیصل کریم کنڈی پی ڈی ایم کی حکومت میں وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ وہ اس وقت کے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ فیصل کریم کنڈی کے چھوٹے بھائی احمد کریم کنڈی 2018 اور 2024 کے عام انتخابات میں مسلسل کامیاب ہو کر خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More