خیبر پختونخوا کے وزیر ظاہر طورو کا وزیراعظم سے منسوب بیان ذہنی اختراع اور خلاف حقیقت ہے،وزیراعظم سے جھوٹ منسوب کرکے خیبر پختونخوا حکومت اپنی ساکھ بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

اے پی پی  |  May 17, 2024

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر خوراک ظاہر طورو کے وزیراعظم سے منسوب بیان کو ذہنی اختراع اور خلاف حقیقت قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے جمعہ کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم سے جھوٹ منسوب کرکے خیبر پختونخوا حکومت اپنی ساکھ بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت خوامخواہ محاذ آرائی پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گندم، محاصل کے حوالے سے مسلسل جھوٹ بول کر سیاسی آگ بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کبھی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد پر حملے تو کبھی پیسکو پر قبضے اور وفاقی حکومت کو 15 دن کی ڈیڈ لائن کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی محاذ آرائی کی کوشش ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک، اپنے اداروں اور محکموں کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ کوئی کسی بھول میں نہ رہے، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر آئین اور قانون کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق اور وسائل کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More