’طلبہ گھروں میں مقیم رہیں‘: کرغزستان میں ’غیرملکی طلبہ کے خلاف پرتشدد واقعات‘

اردو نیوز  |  May 18, 2024

وسطی ایشیائی ملک کرغزستان میں مقامی افراد اور غیرملکی طلبہ کے درمیان جھڑپوں کے بعد دارالحکومت بشکیک میں پاکستانی سفیر نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ حالات معمول پر آنے تک گھروں میں مقیم رہیں۔

سنیچر کو کرغزستان میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بشکیک میں غیرملکی طلبہ کے خلاف ہجوم کے تشدد کے متعدد واقعات ہوئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک بشکیک میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے چند ہاسٹلز اور پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبہ کی نجی رہائش گاہوں پر حملے ہو چکے ہیں۔ ہاسٹلز میں انڈین، پاکستانی اور بنگلہ دیش کے طلبہ رہائش پذیر ہیں۔

بیان میں کرغیز میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ 13 مئی کو کرغیز طلبہ اور مصر کے میڈیکل کے طلبہ کے درمیان ہونے والی لڑائی کی ویڈیوز آن لائن شیئر ہونے کے بعد بھڑک اٹھا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان طلبہ کے معاملے پر کرغزستان کی حکومت سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ بشکیک مین پاکستانی سفارت خانہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔

گذشتہ شب سے ایکس پر ایسی ویڈیوز اور تصاویر گردش کر رہی ہیں جن میں مقامی افراد کی جانب سے پاکستانی طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ویڈیوز میں پاکستانی طلبہ کہہ رہے ہیں کہ مقامی افراد کی جانب سے ان کے ہاسٹلز پر حملے کیے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بشکیک میں پاکستانی طلبہ کی مبینہ ہلاکت اور ریپ کا دعویٰ کیا جا رہا ہے تاہم پاکستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ معتدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں اور پاکستانی طلبہ کی مبینہ ہلاکت اور ریپ کی کوئی تصدیق شدہ رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More