آج کے سوشل میڈیا کے دور میں کسی کے ساتھ ناانصافی اور برائی کرنا بہت مشکل ہوتا جارہا ہے کیونکہ آجکل کسی بھی واقعہ کی ویڈیوفوری سوشل میڈیا پر آجاتی ہے جس کے بعد بڑے بڑوں کو گھٹنے ٹیکنے پڑجاتے ہیں جیسا کہ بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کے ساتھ ہوا۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں فلم کے سیٹ پر موجود نانا پاٹیکر نے سیلفی لینے کی کوشش کرنے والے مداح کو تھپڑ ماردیا تھا، ویڈیو پر نانا پاٹیکر کے مداحوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اداکار معافی مانگنے پر مجبور ہوگئے۔
بھارت کے شہر وراناسی میں نانا پاٹیکر فلم کے سیٹ پر موجود تھے کہ اسی دوران ایک نوجوان نانا پاٹیکر کے قریب سیلفی کیلئے آکر کھڑا ہوجاتا ہے جس پر ناناپاٹیکر اس کوپر تھپڑ مارتے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اداکار کو مداح کے ساتھ غیر مناسب رویے پر خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اب نانا پاٹیکر کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے مداح سے معافی مانگ لی ہے۔
اس ویڈیو میں نانا پاٹیکر نے اس تھپڑ کو جان بوجھ کر کیے گئے عمل کے بجائے ایک غلط فہمی میں لگایا گیا تھپڑ قرار دیا اور بتایا کہ’ تھپڑ لگانا فلم کے اسکرپٹ کا حصہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب لڑکا سامنے آیا تو مجھے لگا یہ وہی لڑکا ہے جسے ہم نے ایکٹنگ کے دوران تھپڑ لگانا ہے لیکن جب احساس ہوا کہ یہ وہ لڑکا نہیں تب تک وہ لڑکا بھاگ چکا تھا، جوبھی ہوا غلطی سے ہوا جس کی ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔