"وہ بالکل ٹھیک تھا اس رات، اسے کوئی طبی مسئلہ نہیں تھا۔ بس اپنی معمول کی روٹین کے مطابق سو گیا، لیکن رات ڈھائی بجے اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔ ہم فوراً اسے اسپتال لے گئے، مگر صرف تیس منٹ میں وہ ہمیں چھوڑ گیا۔ یہ لمحہ ہمارے لیے ناقابلِ بیان دکھ بھرا تھا۔ وہ صرف ہمارا نہیں بلکہ دنیا کا پیارا بچہ تھا۔ ہمیں دنیا بھر سے فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور ہم نے دیکھا کہ پورا پاکستان اس کے لیے دعاگو ہے۔ اب میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ اُس کے والدین کے لیے دعا کریں کیونکہ اصل تکلیف وہی سہہ رہے ہیں اور انہیں سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔" یہ الفاظ ہیں عمر شاہ کے چچا کے جنہوں نے ننھے اسٹار کے آخری لمحات کی کہانی سب کے ساتھ شیئر کی۔
پاکستان کے معصوم مگر مشہور ننھے سوشل میڈیا اور ٹی وی اسٹار عمر شاہ کے انتقال کی خبر نے پورے ملک کو صدمے میں ڈال دیا۔ 15 ستمبر 2025 کی صبح اچانک یہ خبر سامنے آئی تو نہ صرف سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا بلکہ ٹی وی اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بڑے بڑے نام بھی بے یقینی اور دکھ میں مبتلا ہوگئے۔
عمر شاہ نے 2020 میں پہلی بار ٹی وی اسکرین پر قدم رکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے ہر گھر کا لاڈلا بن گیا۔ اس کی معصوم شرارتیں اور بھولا پن لوگوں کے دلوں کو چھو گیا۔ "شانِ رمضان" جیسے بڑے پلیٹ فارم سے اُبھرتے ہوئے اس نے نہ صرف اپنی پہچان بنائی بلکہ شوبز ستاروں کا بھی پسندیدہ بچہ قرار پایا۔ مداح اُسے اُس کے بھائی احمد شاہ اور دوست بچوں شیراز اور مسکان کے ساتھ دیکھنا پسند کرتے تھے۔
عمر شاہ کے انتقال پر جہاں اس کے والدین اور گھر والے غم کی تصویر ہیں، وہیں مداح بھی افسردہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگ اس کی یاد میں پوسٹس کر رہے ہیں، ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں اور سب سے بڑھ کر اس کے والدین کے لیے دعاؤں کی اپیل کر رہے ہیں۔ ننھےعمر شاہ کی معصوم مسکراہٹ اور شرارتی انداز ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اس کی اچانک رخصتی نے سب کو یہ یاد دلایا ہے کہ زندگی کتنی ناپائیدار ہے۔