کراچی وائٹس نے پانچویں مرتبہ قائد اعظم ٹرافی جیت لی، صائم ایوب پلیئر آف دی میچ

اردو نیوز  |  Oct 26, 2023

پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کو کراچی وائٹس نے پانچویں مرتبہ اپنے نام کر لیا ہے۔

کراچی وائٹس نے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی کپتانی میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میچ میں فیصل آباد ریجن کی ٹیم کو 456 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

فیصل آباد ریجن کی ٹیم کراچی وائٹس کی جانب سے دوسری اننگز میں دیے گئے 790 رنز کے ہدف کے جواب میں 333 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں فیصل آباد ریجن کی جانب سے دوسری اننگز میں کپتان فہیم اشرف نے 147، علی وقاص نے 48 اور تیمور سلطان نے 31 سکور بنائے۔

کراچی وائٹس کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں غلام مدثر نے تین اور شاہنواز دہانی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فائنل کی پہلی اننگز میں 203 اور دوسری اننگز میں 109 رنز بنانے پر کراچی وائٹس کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس سے قبل اگر کراچی وائٹس نے اپنی پہلی اننگز میں صائم ایوب کے 203 اور شان مسعود کے 180 رنز کی اننگز کی بدولت 543 رنز بنائے۔ 

CHAMPIONS

Karachi Whites clinch their fifth Quaid-e-Azam Trophy title #QeAT | #FSDvKHIW pic.twitter.com/qhVQCxnM92

— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 26, 2023

اس کے جواب میں فیصل آباد ریجن کی پوری ٹیم میر حمزہ اور شاہنواز دہانی کی تباہ کن بولنگ کے باعث 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میر حمزہ نے پہلی اننگز میں پانچ اور شاہنواز دہانی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی وائٹس نے اپنی دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 370 رنز بنائے جس میں اسد شفیق 113 اور صائم ایوب 109 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

واضح رہے کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد ٹورنامنٹ میں 697 رنز بنانے اور 27 کیچز کے ساتھ ساتھ ایک سٹمپ آؤٹ کرنے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More